حکومت چینی صدر کے دورے کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے،خواجہ سعد رفیق

Published on September 5, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 302)      No Comments

888
اسلام آباد ۔۔۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان کے قومی مفاد میں ہے جسے ہمیشہ حکومت نے ترجیح دی ہے۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی صدر کے دورے کے ملتوی ہونے کی ابھی حتمی اطلاعات نہیں ہیں تاہم حکومت اس دورے کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست ہے اور ہمارے ساتھ لمبی شراکت داری کرنا چاہتا ہے، اسی سلسلے میں بدھ کے روز وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف اور طارق فاطمی نے چینی سفیر سے ملاقات بھی کی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو چین میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چین کو نہ صرف سول حکومت نے بلکہ تمام سیکورٹی اداروں نے بھی کلیئرنس دی ہے لیکن وہ اپنی سپیشل سیکورٹی ٹیم جو کہ گزشتہ چند روز سے یہاں موجود ہے کی جانب سے کلیئرنس ملنے کے بعد دورے کا حتمی فیصلہ کرینگے۔ ایک سوال کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگر یہ دورہ ملتوی ہوا تو قوم فیصلہ کرے گی کہ اس کا ذمہ دار کون ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت آئی ڈی پیز کے مسائل اور بھارت کی جانب سے سیلاب کی وارننگ سمیت مختلف مشکلات کا سامنا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题