بھاری بھرکم بلوں کے باوجود سول لائن سب ڈویژن اور صدر سب ڈویژن جھنگ کے علاقوں میں فیسکو کا اندھیر

Published on October 14, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 411)      No Comments

lod
جھنگ ( یواین پی)بھاری بھرکم بجلی کے بلوں اور فیسکو کے شہری علاقوں میں 6 سے8گھنٹے لوڈشیڈنگ کے دعوؤں کے برعکس سول لائن سب ڈویژن اور صدر سب ڈویژن جھنگ کے علاقوں میں فیسکو نے بد ترین اندھیر مچاتے ہوئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کادورانیہ 14گھنٹے تک پہنچا دیاہے جبکہ طویل عرصہ سے نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب نہ ہونے کے باعث کم لوڈ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جس کے باعث کئی کئی برس پرانے نظام پر اوور لوڈنگ کی وجہ سے بار بار ٹرپنگ بھی معمول بن گئی ہے مگر شہریوں کے احتجاج کے باوجود فیسکو حکام لمبی تان کر سو گئے ہیں حتیٰ کہ ارکان اسمبلی اور ضلعی انتظامی حکام نے بھی پر اسرار چپ سادھ لی ہے مگر دوسری جانب مسلم لیگی کارکنان نے بد ترین لوڈ شیڈنگ کے سنگین بحران کو حکومت کے خلاف سازش قرار دے دیا ہے۔ جھنگ کے مسلم لیگی کارکنان نے میڈیاسے بات چیت کے دوران کہاکہ حکومت بجلی کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو تمام ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے مگر فیصل آبادالیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے جھنگ کے شہری صارفین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا جارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ شہر کے اہم ترین و مرکزی علاقوں محلہ سلطان والا، بستی آرائیاں والی ،محلہ جوگیاں والا، محلہ باغ والا، چنبیلی مارکیٹ ، محلہ بھبھرانہ، محلہ برجی والا بالخصوص سول لائن سب ڈویژن اور صدر سب ڈویژن جھنگ کے علاقہ جات میں روزانہ 24گھنٹوں کے دوران 6 سے8گھنٹوں کی بجائے 14گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پہلے ہر گھنٹے بعد 2گھنٹے کیلئے بجلی بند کی جاتی تھی مگر اب ہر 20،25 منٹ بعد بجلی بند کر دی جاتی ہے اور اس پرستم ظریفی یہ کہ جب اس سلسلہ میں کمپلینٹ سنٹر ، کسٹمر سروسز سنٹر ، متعلقہ ایس ڈی او یا گرڈ سٹیشن سے رابطہ کیاجاتاہے تو وہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ سول لائن سب ڈویژن جھنگ کے علاقہ جات میں کئی کئی سالوں سے جو ٹرانسفارمرز نصب ہیں ان کی آج تک نہ تو ا پ گریڈیشن کی گئی ہے اور نہ ہی زیادہ لوڈ والے علاقوں میں نئے ٹرانسفارمر نصب کئے جارہے ہیں جس کے نتیجہ میں اوور لوڈنگ کے باعث بار بار ٹرپنگ معمول بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سول لائن سب ڈویژن کے علاقوں میں لوڈ بھی پورانہ دیاجارہاہے جس سے بڑی تعداد میں الیکٹرانکس گھریلو مشینری خراب ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں جبکہ پہلے ہی وفاقی دارالحکومت میں دھرنے اور احتجاج جاری ہے فیسکو حکام کا یہ اقدام مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف گھناؤنی سازش ہے جسے کسی صورت برداشت نہ کیا جاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ فیسکو جھنگ کے اکثر کرپٹ حکا م کئی کئی سالوں سے پر کشش عہدوں پر تعینات ہیں جو ماہانہ بھاری بھتہ لے کر پوش علاقوں اور انڈسٹریل علاقوں خصوصاً پاور لومز سیکٹر ز کو مسلسل بجلی فراہم کررہے ہیں مگر اس کی کسر گھریلو صارفین سے نکالی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر سول لائن سب ڈویژن جھنگ کے علاقوں میں 14،14گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ فوری ختم نہ کی گئی اور لوڈ کے مطابق نئے ٹرانسفارمز نصب نہ کئے گئے تو وہ کسی بھی راست اقدام سے گریز نہیں کریں گے ۔انہوں نے مزید کہاکہ جب فیسکو حکام پہلے سے ہی اوور لوڈ ٹرانسفارمرز سے متصل علاقوں میں بھاری رقوم وصول کرکے نئے کنکشنز پر کنکشنز فراہم کرتے جا رہے ہیں اور صارفین سے اوور ریڈنگ کرکے بھاری بھرکم بل بھی وصول کررہے ہیں تو پھر ٹرانسفارمرز کو اپ گریڈ کرنا اور لوڈ پوراکرنا بھی ان کی قانونی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے بھی اس ضمن میں فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog