راجن پور(خرم شہزاد بُھٹہ سے) راجن پور بھتہ نہ دینے پر ریلوے ورکس انسپکٹر کا ریڑھی بانوں پر تشدد اور توڑ پھوڑ ۔۔۔ متاثرین کا احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے محکمہ ریلوے کے بھتہ مافیا کے خلاف کاروائی کا مطالبہ ۔ ۔۔۔ تفصیلات کے مطابق راجن پور میں محکمہ ریلوے کے سادہ لباس میں پولیس اہلکاروں نے انسپکٹر ورکس کی زیر نگرانی چوک الہٰ آباد کے قریب عاقل پور روڈ پر واقع ریڑھی بانوں اور ٹھیلہ کی دوکانوں پر اچانک دھاوا بول دیا جس سے فروٹ اور سبزی کی ریڑھیاں اور ٹھیلے ٹوٹ گئے اور سامان بکھر کر ضائع ہو گیا ۔ اپنے سامان کو بچا کر روزی کمانے والے ریڑھی بانوں پر پولیس اہلکاروں نے تشدد کیا جس سے 2 افراد زخمی ہو گئے ۔ متاثرین نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ عرصہ 12 سال سے زائد ریلوے کی اراضی سے ملحقہ عاقل پور روڈ پر ریڑھیاں اور ٹھیلے لگا کر فروٹ اور سبزیوں کی فروخت سے اپنے بچوں کی روزی کما رہے ہیں محکمہ ریلوے انسپکٹر ورکس جہانگیر کھرل نے فی کس ایک ہزار روپے روزانہ اور فروٹس بھتہ دینے کا مطالبہ کیا ۔ ریڑھی بانوں کے انکار پر انہیں ریلوے پولیس کے 25 گلو بٹوں نے تشدد کر کے اُن کا نقصان کیا متاثرین نے محکمہ ریلوے کے ورکس انسپکٹر اور ملوث اہلکاروں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرہ بازی کرتے ہوئے ریلوے کے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔