دبئی(یو این پی)آئی سی سی ایگزیکٹیو بورڈ کا دو روزہ اجلاس(آج) سے دبئی میں ہوگا،انسداد بدعنوانی کوڈ میں تبدیلی کے بعد پابندی کے شکار پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی متوقع ہے۔دبئی میں شروع ہونے والے بورڈ ممبرز کے دو روزہ اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی کی سفارشات جس میں انسداد بدعنوانی کوڈ میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ اور متنازعہ بولنگ ایکشن جیسے موضوعات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹو کمیٹی بدعنوانی کوڈ میں تبدیلی کی منظوری دے چکی ہے۔ پابندی کے شکار کھلاڑیوں کو اپنی سزا کے خاتمے سے پانچ سے چھ ماہ قبل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل سکتی ہے۔جس سے محمد عامر آئندہ سال کے اوائل میں ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کرسکیں گے۔ محمد عامر کی پابندی ستمبر دوہزار پندرہ میں ختم ہوگی۔ دوہزار دس میں پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران لارڈز ٹیسٹ میں محمد عامر ، سلمان بٹ اور محمد آصف پر فکسنگ کے الزام میں پابندی عائد کی گئی تھی۔