پاکستانی نوجوانوں کی خدمت کرنے پر مجھے فخر ہے،مریم نواز شریف

Published on November 13, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 284)      No Comments

444
اسلام آباد ۔۔۔مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کی خدمت کرنے پر فخر ہے، میں وزیراعظم پاکستان کی قابل فخر بیٹی ہوں جنہوں نے اپنی زندگی کے اہم سال عوام کی خدمت کرنے میں صرف کر دیئے اور جو آج بھی ملک اور عوام کیلئے پوری جانفشانی سے محنت کر رہے ہیں، درحقیقت میں پاکستان کی قابل فخر بیٹی ہوں۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام چیئرپرسن کے عہدہ سے مستعفی ہونے کے بعد اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام میں رضاکارانہ اور اعزازی طور پر پوری ایمانداری اور اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بھرپور انداز میں عوام کی خدمت کی ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ میں رضا کارانہ جذبے پر یقین رکھتی ہوں، میں سمجھتی ہوں کہ خواتین کو آگے آنے کیلئے محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ خواتین کو مقابلہ کرنا چاہئے اور خواتین کو مضبوط پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ میں ان تمام خواتین کی حمایت کرتی ہوں جو مشکلات کے خلاف دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور جدوجہد کرتی ہوں، مجھے اس پر خوشی ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام اب بہترین شکل اختیار کر چکا ہے اور آئندہ پانچ سالوں کیلئے صحیح سمت میں گامزن ہو گیا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ان انقلابی اقدامات کے پیچھے اچھا جذبہ کارفرما ہے جس کو بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے اور لاکھوں لوگ اس کی تعریف کر رہے ہیں یہ پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ میں محسوس کرتی ہوں کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کسی دوسرے پرعزم شخصیت کے حوالے کرنے کیلئے یہ بہترین وقت ہے۔ یہ پروگرام قائم رہے گا اور انشاء اللہ آئندہ آنے والے دنوں، ہفتوں اور مہینوں میں نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک پرعزم بیٹی، ایک پرعزم کارکن اور ایک پرعزم پاکستانی ہوں۔ میں اپنے والد وزیراعظم پاکستان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان اور اس کے عوام کی خدمت کے عمل کو جاری رکھوں گی۔ کوئی چیز مجھے عہدے یا عہدے کے بغیر عوام اور ملک کی خدمت کرنے سے نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے حوالے سے ماضی میں مجھے عوام کی جو حمایت حاصل رہی میں اس پر ان کی شکر گزار ہوں اور اپنے خیر خواہوں اور پاکستانی عوام کو یقین دلاتی ہوں کہ وہ مجھے عظیم، مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنے والد کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے دیکھیں گے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy