نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو ہمارے لئے بہار اور خوشیوں کا پیغام لایا ہے،صدر مملکت

Published on March 6, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 465)      No Comments
033
اسلام آباد(یواین پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو ہمارے لئے ایک طویل عرصے کے بعد بہار اور خوشیوں کا پیغام لایا ہے جس سے شہریوں کے چہرے مسرت سے تمتما اٹھے ہیں۔ رنگوں بھرا یہ میلہ قومی یکجہتی کا عکاس ہے اور ہم مل کر ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔وہ آج فورٹریس سٹیڈیم میں نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال، ڈی جی رینجرز میجر جنرل خان طاہر جاوید خان، مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری انفارمیشن، سیکرٹری بلدیات، کمشنر و ڈی سی او لاہور، اعلیٰ حکام اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔صدر مملکت نے کہا کہ انشاء اللہ تین سال بعد اس میلے اور نمائش کا اور سماں ہوگا کیونکہ حکومت نے بجلی پیدا کرنے کے 15بڑے منصوبے شروع کئے ہیں جن سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا اور صنعت و حرفت کیلئے بجلی وافر مقدار میں میسر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئے ڈیموں پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے جن سے پانی میں اضافہ ہوگااور ہمارا کسان خوشحال ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ زراعت کے شعبے کی ترقی کیلئے حکومت پنجاب کے کئے گئے اقدامات نہایت قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا چین کے ساتھ شروع کیاگیا اقتصادی راہداری کا منصوبہ خطے کی حالت بدل کر رکھ دے گا۔ یہ ایک نہایت اہم منصوبہ ہے جس سے ملک کے کسی بھی حصے کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوانی کے مکمل خاتمے کیلئے مل کر عہد کریں اور بدعنوان عناصر کو راہ راست پر لانے کیلئے ان کا سماجی بائیکاٹ کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہم صرف محنت کے ذریعے اپنے ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کر سکتے ہیں۔اس موقع پر کیول کیڈ، نیزہ بازی ،گھوڑ سواری، گھوڑا ناچ، ڈاگ ریس ، پی ٹی شو اور ملی نغموں کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ پاکستان کے ہر صوبے کی ثقافت پر مبنی فلوٹ پیش کئے گئے جن کے ساتھ نوجوان علاقائی رقص کررہے تھے۔صدر نے میلہ میں حصہ لینے والے رینجرز و ملٹری کے نوجوانوں ، کسانوں، طلبا و طالبات اور نوجوانوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme