صدر مملکت ممنون حسین کا یوم پاکستان پر پیغام

Published on March 23, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 499)      No Comments

1111
اسلام آباد (یو این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر قوم پاکستان کی اقوام عالم میں سربلندی کا عزم کرے۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اس تاریخی موقع کی یاد دلاتا ہے جب مسلمانان برصغیر نے ایک ایسی آزاد ریاست کے حصول کیلئے جدوجہد کا آغاز کیا جہاں انصاف و برابری کے اصول کار فرما ہوں، آج سے 75 سال پہلے ہمارے عظیم مفکرین اور سیاسی رہنماؤں نے ایک آزاد ریاست کیلئے جدوجہد کا آغاز کیا، قائداعظم اس بات کا احساس رکھتے تھے کہ آزادی، برابری اور سماجی انصاف جنوبی ایشیاء کے ہر مسلمان کا حق ہے، حصول پاکستان کے خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کی قربانی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی موقع کی مناسبت سے میں تمام پاکستانیوں سے کہنا چاہوں گا کہ وہ اقوام عالم میں پاکستان کی سربلندی کیلئے اپنے مصمم عزم کا اعادہ کریں، آج ہمیں مختلف مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے، آج دہشت گرد اور انتہا پسند ہمارے بچوں، خواتین، شہریوں اور افواج کو نشانہ بنا رہے ہیں، حتی کہ ہمارے سکول اور مساجد پر بھی حملے کئے جاتے ہیں، آج کا دن ہمیں اس عظیم جدوجہد اور جذبہ کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجہ میں یہ وطن معرض وجود میں آیا،آج پاکستان کو اسی جوش و جذبہ کی ضرورت ہے، آج ضرورت ہے کہ ہم اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہو جائیں اور ایسے معاشرے کے قیام کیلئے جدوجہد کریں جہاں ہم آہنگی، برداشت، امن، خوشحالی کا راج ہو اور جہاں لوگ امن سے رہ سکیں اور اپنی ترقی کا سفر طے کر سکیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں اللہ تعالی سے دعاگو ہوں کہ وہ ہمیں ہماری کوششوں میں کامیابی عطا فرمائے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes