وزیر اعظم محمد نوازشریف کا یوم پاکستان پر قوم کے نام پیغام

Published on March 23, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 423)      No Comments

02
اسلام آباد (یو این پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہاہے کہ قائد کا پاکستان درپیش غیرمعمولی خطرات اور چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے سرگرداں ہے، پاکستان کے امن پسند عوام چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے عزم صمیم کے ساتھ ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، اپنی غیور مسلح افواج کی قابل قدر معاونت اورتمام سیاسی طبقہ ہائے فکر کی غیر مشروط حمایت کے ساتھ ہم یقیناً خطرے کا باعث بننے والی قوتوں پر قابو پا لیں گے، حکومت ملک میں برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی،قوم مادر وطن کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی۔وزیراعظم نے یہ بات یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہی ہے ۔یواین پی کے مطابق وزیراعظم نے کہاکہ برصغیر کے مسلمانوں نے75 سال قبل اپنے لئے ایک آزاد مسلم ریاست کے حصول کے لئے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا تھا، ان کے محترم قائد نے قرار دیا کہ جنوبی ایشیاء کے مسلمان ہر لحاظ سے ایک آزاد قوم ہیں،قائد نے سماجی انصاف، خود ارادیت اور برابری کے اصولوں کی بنیاد پر ایک الگ ریاست کے قیام کے لئے ولولہ انگیز جدوجہد کی قیادت کی، آزادی کی اس جدوجہد میں بے شمار اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا لیکن قائد اپنے واضح مقصد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے اور مسلمان قوم نے قائداعظم کے پختہ عزم کی فراخدلی سے تائید و حمایت کی اور اس کے نتیجہ میں مسلمانوں کے لئے ایک آزاد وطن معرض وجود میںآیا، قائد نے اپنے عوام کو ایک آزاد مملکت سونپتے ہوئے انہیں آئندہ نسلوں کے لئے اس کے تحفظ اور پاسبانی کی تاکید کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ تین چوتھائی صدی کے بعد قائد کا پاکستان درپیش غیرمعمولی خطرات اور چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے سرگرداں ہے، پاکستان کے امن پسند عوام کو انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خطرات کا نادانستہ طور پر سامنا ہے، پاکستان کے وجود کو خطرہ لاحق کیا گیا اور اس کے پاس اس چیلنج سے برسرپیکار ہونے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کے لئے خطرے کا باعث ریاست مخالف عناصر نہ صرف لوگوں کی زندگیوں کے لئے خطرہ بلکہ پاکستانی قوم کے بنیادی ڈھانچہ کے ہی درپے ہیں لیکن پاکستان کے عوام اس چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے عزم صمیم کے ساتھ ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستانی قوم اپنے بانیان سے کئے گئے اس عہد کی پاسداری کے لئے پرعزم ہے کہ وہ مادر وطن کا ہر قیمت پر دفاع کرے گی، ہم اپنے روشن خیال آباؤ اجداد کی امنگوں کے مطابق آزادی، برابری اور سماجی انصاف کو اپنے معاشرتی نظام کی بنیادی اقدار کی حیثیت سے تحفظ دینے اور یقینی بنانے کا بھی تہیہ کئے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ وہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے تصورات کے مطابق اخلاقیات پر مبنی نمائندہ تکثیریت کے پائیدارنظام پر پختہ یقین رکھتے ہیں ، میں برابری کے اصول کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور اسے قومی ڈھانچہ کے لئے اہم تصور کرتا ہوں، میں ترقی مخالف فرسودہ تصورات کے سخت خلاف ہوں اور اسے اپنے قومی وجود کے لئے نقصان دہ سمجھتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ اپنی غیور مسلح افواج کی قابل قدر معاونت اورتمام سیاسی طبقہ ہائے فکر کی غیر مشروط حمایت کے ساتھ ہم یقیناً خطرے کا باعث قوتوں پر قابو پا لیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ مجھے اعتماد ہے کہ پاکستان اپنے وجود کی اصلاح کے لئے مستعد ہے اور ہم بہت جلد تمام مشکلات پر قابو پا لیں گے۔ میری حکومت وسیع تر ادارہ جاتی اور ترقیاتی منصوبہ جات پر عمل پیرا ہے جن کے ثمرات مستقبل قریب میں حاصل ہوں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ وہ قوم سے اپنے اس عزم کا اعادہ کرنا چاہتے ہیں کہ ان کی حکومت پاکستان میں برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی، میں اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہوں کہ پاکستانیوں کو آزادانہ زندگی بسر کرنے، تعلیم و روزگار کے حصول اور بلا خوف و خطراپنے عقیدہ پر عمل پیرا ہونے کا یکساں موقع فراہم ہو۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes