وزیراعظم محمد نواز شریف نے 16دسمبر کو قومی عزم تعلیم کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا

Published on December 16, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 708)      No Comments

آرمی پبلک سکول شہداء یونیورسٹی کے قیام کا بھی اعلان55
سانحے کے بعد پوری قوم دہشتگردوں پر کاری ضرب لگانے کیلئے اٹھ کھڑی ہوئی ،
آپریشن ضرب عضب نے دہشتگردوں کی کمرتوڑدی ہے ،
نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی کے خاتمے کی جانب کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے
کراچی اوربلوچستان کے حالات میں بہتری آئی ہے ،
اپنے بچوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے ، علم کی شمع بجھانے والوں کا خاتمہ کر دیں گے
جنرل راحیل شریف کی قیادت میں فوج نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ،عہد ہے کہ علم کے فروغ میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے
سانحہ کے بعد سول اور فوجی قیادت ایک ساتھ بیٹھی ہے ، آج ہم سب غم اور دکھ کے احسا س کے ساتھ آئے ہیں
ہمارے بچوں کے لہونے مجھے ایک فیصلے پر پہنچادیا کہ ہم نے ان کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لینا ہے
تعلیم کے دشمن انسانیت کے دشمن ہیں،دہشت گرد کسی نرمی کے مستحق نہیں ،
انہیں قوم کے مستقبل سے کھیلنے نہیں دیں گے ،نئی نسل کو روشن پاکستان دیں گے
وزیراعظم محمدنواز شریف کا سانحہ آرمی پبلک سکول کو ایک سال مکمل ہونے پر اے پی ایس میں مرکزی تقریب سے خطاب
پشاور(یوا ین پی )وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف نے کہاہے کہ سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے خون نے پاکستان کی راہ کا تعین کردیا ہے‘اس سانحہ نے پوری قوم کو دہشت گردوں کے خلاف متحدکیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا ناسور ملک سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائیگا‘ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کوآرمی پبلک سکول پشاور میں شہداء آرمی پبلک سکول کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘انہوں نے کہاکہ 16دسمبر 2014ء کو آرمی پبلک سکول کی قرآ ن پاک کی تلاوت اور بچوں کے ترانے سننے والی دیواریں دھماکوں سے لرزاٹھیں اور بہت سے معصوم بچے ہم سے ہمیشہ کیلئے بچھڑ گئے‘ اس سانحہ نے پوری قوم کو ہلاکر رکھ دیا‘ اور پوری قوم کے دل نے اس درد کو محسوس کیاانہوں نے کہاکہ 16دسمبر کے المیے نے ہمارے دلوں کو چھلنی ضرور کیالیکن ہمیں آپس میں اتفاق واتحاد کی لڑی میں پرودیا۔انہوں نے کہاکہ وہ جدا ہوجانے والے بچوں کے والدین کی دلی کیفیا ت کو سمجھ سکتے ہیں اور ان کے دلوں کے صبرسکون کیلئے دعاگوہیں تاہم والدین کو یاد رکھنا چاہیے کہ ان کے معصوم بچوں کے لہو نے پوری قوم کو متحد کرکے پاکستان کی راہ متعین کردی۔انہو ں نے کہاکہ والدین سے وعدہ ہے کہ شہید بچوں کے خون کی ایک ایک بوند کا حساب لیاجائے گا۔وزیراعظم نے کہاکہ سانحہ کے بعد ہرپاکستانی کے دل میں یہ سوال پیداہواکہ انسانیت سے عاری یہ درندے کسی نرمی کے مستحق ہیں یا نہیں اورکیا یہ وقت نہیں کہ دہشت گردوں کو کیفرکردارتک پہنچایاجائے؟انہوں نے کہاکہ وہ سانحے کی خبرسنتے ہی پشاور پہنچے تھے اور پشاور کی زمین پر قدم رکھتے ہی معصوم بچوں کے لہو نے انہیں دہشت گردوں پر فیصلہ کن ضرب لگانے کے فیصلے تک پہنچادیا ۔تھا انہوں نے کہاکہ سانحہ کے بعد سیاسی وفوجی قیادت ایک ساتھ بیٹھی تو محسوس ہوا کہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکے پر کسی کو اختلاف نہیں اورمعصوم بچوں کے لہو نے پوری قوم کو متحد کردیاہے ۔اس اتحادکے نتیجے میں نیشنل ایکشن پلان بنا اور ملک کی سیاسی وعسکری قیادت سمیت پوری قوم اس پختہ عزم کیساتھ اٹھ کھڑی ہوئی کہ ملک کو دہشت گردوں سے پاک کرکے دم لیناہے ۔وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کہاکہ سانحے کے بعد ہم سب یکجاہوکر اس مشن کی تکمیل میں مصروف ہیں انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے جنرل راحیل شریف کی قیادت میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کیں، آپریشن ضرب عضب کے ہر معرکے میں ان ہی معصوم بچوں کا لہو بول رہا ہے۔آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے ، ان کی پناہ گاہیں اور انفراسٹرکچر تباہ کردیاگیا ہے اور وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے قلع قمع ہوجائے گا ۔انہوں نے اس موقع پر اعلان کیاکہ 16دسمبرکو قومی یوم عزم علم کے طور پر منایاجائے گا اورپاکستان کے گوشے گوشے کوعلم کی روشنی سے منور کرکے علم کی شمع بجھانے والوں کا وجود ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کردیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ میں چاہتاہوں کہ ہر سال جب ہم ان شہید بچوں کو ان کے اساتذہ کے ساتھ یاد کریں تو اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی یاد رکھیں کہ جہالت کے اندھیرے کو ختم کرنا ہے۔انہوں نے اس موقع پر آرمی پبلک سکول یونیورسٹی کے قیام کابھی اعلان کیا ۔انہوں نے کہاکہ خوشحالی کا سورج بھی علم کے افق سے طلوع ہوتاہے ہم نئی نسل کو پرامن اور روشن پاکستان دیں گے جہاں نفرت کے نعرے نہیں بلکہ ہم آہنگی اور اتفاق واتحاد کے نغمے گونجیں گے پاکستان کا گوشہ گوشہ امن کا گہوارہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے سب سے بڑے شہرکراچی کو جرائم سے پاک کرنے اور دیرپاامن کاگہوارہ بنانے کیلئے کوشش کررہے ہیں جبکہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں بلوچستان کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کیساتھ ساتھ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے بھی کوششیں جاری ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy