وزیراعظم نواز شریف سے صدیق الفاروق کی ملاقات

Published on May 18, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 322)      No Comments
66
اسلام آباد (یواین پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کرپشن کے خاتمہ، اقلیتوں کی خدمت اور متروکہ وقف بورڈ کی آمدنی بڑھانے کیلئے اب تک کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے متروکہ وقف بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے صدیق الفاروق کو ہدایت کی کہ وہ اقلیتوں کی بہترین خدمت کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا چہرہ روشن کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ یہ باتیں اتوار کو وزیراعظم نے جاتی عمرہ‘ لاہور میں صدیق الفاروق اوران کی ٹیم کے ساتھ ظہرانے پر ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والی ملاقات کے دوران کیں۔ اس ملاقات میں صدیق الفاروق نے نقشوں اور اعدادوشمارکی مدد سے گردواروں اور مندروں کیلئے گزشتہ سات ماہ کے دوران اٹھائے جانے والے ترقیاتی اقدامات اور زمین اور جائیداد کے حوالے سے مستقبل کے پروگراموں پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے لاہور میں گردوارہ ڈیرہ صاحب میں سکھ یاتریوں کے ہنگلاج ماتا جی مندر میں ترقیاتی کاموں کیلئے ہرممکن مالی مدد فراہم کرنے کیلئے بھی یقین دلانی کرائی۔ علاوہ ازیں انہوں نے بورڈ میں کرپشن کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے، بورڈ کے انتظامی صلاحیتوں اور اصلاحات کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے بھی حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم نے صدیق الفاروق کو بورڈ کے تمام معاملات اور مستقبل کے پروگراموں کے بارے میں تفصیلی پریذینٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ انہیں بہت جلد پریزنٹیشن دینے کیلئے طلب کریں گے۔ وزیراعظم نے اس ملاقات کیلئے صدیق الفاروق کو خصوصی طور پر طلب کیا تھا۔
Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes