بلدیاتی الیکشن کیلئے مسلم لیگ (ن) لاہور کے ہر صوبائی حلقے میں انتخابی کمیٹیاں قائم

Published on June 22, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 460)      No Comments

77
لاہور (یواین پی) بلدیاتی الیکشن کے لئے مسلم لیگ (ن) لاہور کے ہر صوبائی حلقے میں انتخابی کمیٹیاں قائم کرکے پانچ دنوں میں سفارشات طلب کر لی گئیں، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے لاہور شہر کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو جنرل سیکرٹری لاہو رخواجہ عمران نذیر، سید توصیف شاہ، میاں مرغوب احمد اور خواجہ احمدحسان نے بلدیاتی الیکشن کے حوالہ سے بریفنگ دی جبکہ صوبائی وزیر میاں مجبتی شجاع الرحمن ،صوبائی مشیر خواجہ سلمان رفیق ممبر ان قومی وصوبائی اسمبلی اور لاہور شہر کے تمام حلقوں سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدور اور جنرل سیکرٹری شریک ہوئے ۔ممبر قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازنے اس موقع پرکہا کہ موجودہ حکومت گزشتہ دو برسوں میں کئی ایک طوفانوں کو عبور کرکے ترقی وخوشحالی کی طرف گامزن ہے لیڈرشپ کی نیک نیتی اور اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے 2018ء تک میٹرو،اورنج لائن ،بڑے بڑے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل اور لوڈشیڈنگ سمیت ملکی مسائل کو حل کریں گے، دوسروں پر دھاندلی کاالزام لگانے والوں کے صوبہ کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات خود ایک سوالیہ نشان بن چکے ہیں جبکہ جوڈیشل کمیشن میں جانے والوں کے پاس اب خود کوئی جواب نہیں ہے ، اللہ تعالیٰ کے ہاں ہر چیز کاوقت مقر ر ہے ،اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے جارہاہے چین کے صدر پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کا آغازہوچکا ہے، مسلم لیگ(ن) کو اپنی کارکردگی کے باعث ننکانہ صاحب ،ملتان اور منڈی بہاؤالدین کے ضمنی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ حمزہ شہباز نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ پارٹی کے مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے باہمی اتحاد اور ٹیم ورک کے ساتھ آگے بڑھیں اور لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کی طرح لاہور شہر میں بھی بھر پور کامیابی حاصل کریں ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں متحرک کارکنوں کو آگے آنے کا موقع دیاجائے گاجس کے لئے ہر صوبائی حلقے میں متعلقہ ایم این اے ، ایم پی اے ، پارٹی صدر اور جنرل سیکرٹری فور ی طور پر اپنے اپنے اجلاس منعقدکریں اور لاہو رکی 274یونین کونسلوں کے چیئر مین اور وائس چیئر مین کے لئے ناموں کی سفارشات تیار کریں ۔حمزہ شہبازنے کہاکہ پارٹی کی طرف سے ان کارکنوں کو بھی ایڈجسٹ کیاجائے گا جو بلدیاتی الیکشن میں پارٹی ٹکٹ حاصل نہیں کرسکیں گے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ انشاء اللہ بلدیاتی انتخابات میں صوبے بھر کی طرح ضلع لاہور سے بھی تاریخی رزلٹ سامنے آئے گا اور مسلم لیگ(ن) ریکارڈ کامیابی حاصل کرے گی ۔اجلاس میں مسلم لیگ(ن) لاہو رکے صدر محمدپرویز ملک نے بتایا کہ ہر صوبائی حلقہ میں قائم کردہ پارٹی کمیٹی آئندہ پانچ دنوں میں سفارشات بھجوانے کی پابندہوگی جس کے بعد حتمی فہرست کی منطوری پارٹی لیڈرشپ دے گی ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes