کامران اکمل قومی ٹیم میں ایک اور موقع ملنے کے منتظر

Published on August 14, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 500)      No Comments

04
کراچی(یو این پی)قومی وکٹ کیپر کامران اکمل نے ون ڈے ٹیم کے نائب کپتان سرفراز احمد کوخبردار کیا ہے کہ وہ شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں اور کھیل کے دوران لاپرواہی نہ برتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد نے پاکستان کیلئے بہت اچھا کھیل پیش کیا لیکن ان کیلئے اصل چیلنج ہر میچ میں شاندار کارکردگی کو برقرار رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی بہترین کارکردگی پیش کرے ، وہ قومی ٹیم میں جگہ پانے کا مستحق ہے۔سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ڈراپ کرنے پر ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر زیادہ شور مچانے کی ضرورت نہیں تھی۔کپتان اور ٹیم مینجمنٹ کے فیصلوں پر مکمل اعتماد کرنا چاہئے۔یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کپتان اورہیڈ کوچ نے سری لنکا کے گرم اور مرطوب موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں آرام کرانے کا فیصلہ کیا ہو کیونکہ سرفراز احمد نے ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل مسلسل تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچوں میں شرکت کی تھی۔ کامران اکمل نے مزیدکہا کہ سرفراز احمد اور محمد رضوان کے درمیان مقابلہ اچھی چیز ہے لیکن اب بھی و ہ خود قومی ٹیم میں دوبارہ واپسی کی امید نہیں چھوڑ سکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں ہمیشہ کسی نہ کسی موقع پر کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ رہا ہے۔ ایک دور میں راشد لطیف اور معین خان میں مقابلہ تھا اور پھر گرین شرٹس کے پاس محمد سلمان، ہمایوں فرحت اور ذوالقرنین حیدر تھے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے مقابلہ ہونا چاہئے۔ وہ اپنے حساب سے صرف فٹنس کے بارے میں فکرمند رہتے ہیں اور اپنی کارکردگی پر توجہ مبذول رکھتے ہوئے پاکستان کی نمائندگی کا ایک اور موقع ملنے کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب کبھی قومی ٹیم میں دوبارہ نمائندگی کا موقع ملا ،وہ بہترین کارکردگی کیلئے تیار ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Theme