آئی سی ٹی کے تحقیقی معیار کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہوگا:انوشہ رحمن

Published on October 29, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 234)      No Comments

07
لاہور (یوا ین پی) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی مسز انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے اس جدید اور ترقی یافتہ دور میں ہمیں اپنے آئی سی ٹی کے شعبہ میں تحقیقی معیار کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ وہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں نئے آئی سی ٹی بلاک کے افتتاح کے بعد طالبات سے خطاب کررہی تھیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اس نئے آئی سی ٹی بلاک کے قیام سے طالبات کوجدید تکنیکی علوم سیکھنے میں مدد ملے گی۔ آئی ٹی سنٹرکے قیام سے طالبات نہ صرف انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت حاصل کرسکیں گی بلکہ یہ تربیت انہیں معاشی خودمختاری کی طرف لے کر جائے گی اور بہتر روزگار کے حصول میں ممد ومعاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کالج انتظامیہ پر زوردیا کہ وہ یونیورسٹی میں زیرتعلیم تمام شعبہ جات بشمول آئی ٹی کی طالبات کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بنیادی تعلیم سے آراستہ کریں کیونکہ آئی سی ٹی تمام شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انوشہ رحمن نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اس آئی ٹی بلاک کے ذریعہ جدید اور بین الاقوامی معیارکی’’علمی تحقیق‘‘ کو منظرعام پر لائیں۔ اس سلسلے میں نجی شعبہ کی معاونت بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ پبلک/پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعہ معیاری تحقیق کے اہداف آسانی سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت پسماندہ اورغیرترقی یافتہ دیہی علاقوں میں مقیم طالبات کو آئی سی ٹی کی تربیت دلانے کیلئے خصوصی منصوبوں کا اجراء کررہی ہے جس میں ’’کمپیوٹر لیبارٹریز‘‘ کا قیام شامل ہے تاکہ ان دور افتادہ علاقوں میں بسنے والی خواتین کمپیوٹر میں مہارت حاصل کرکے باعزت روزگار تک رسائی حاصل کرسکیں۔ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹرعظمیٰ قریشی نے شعبہ تعلیم میں ادارے کے کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالتے ہوئے طالبات کو جدید زیور تعلیم بشمول آئی ٹی کی تربیت سے ہمکنار کرنے کے مصمم عزم کا اظہارکیا۔ سی ای او نیشنل آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈ کمپنی مسٹر آصف رومی بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی ٹی میں ریسرچ اورڈویلپمنٹ کے کلچر کے فروغ کے ذریعہ دیرپا معاشی استحکام کو یقینی بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes