حکومت آزادکشمیر کاسانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں سرکاری سطح پر تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ

Published on December 15, 2015 by    ·(TOTAL VIEWS 670)      No Comments

n00488708-b
مظفرآباد (یوا ین پی) آزادکشمیر کے وزیرخزانہ چوہدری لطیف اکبراور ڈپٹی سپیکر شاہین کوثر ڈار نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور ملکی تاریخ میں دہشتگردی کی بدترین مثال تھا ٗ معصوم بچوں کو قتل کرنے والوں کا قبر تک پیچھا کریں گے ٗ مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارت کی جانب سے ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں اور وہاںآئے روز اس طرح کے سانحات کا سامنا کر رہے ہیں ٗکشمیریوں سے بہتر اس سانحہ کا درد کوئی اور محسوس نہیں کر سکتا۔حکومت آزادکشمیر نے سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں سرکاری سطح پر سہ روزہ تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اس بدترین دہشتگردی کی مذمت بھی کی جا سکے۔پاکستان میں بیرونی قوتیں باالخصوص بھارت دہشتگردی کوسپورٹ کر رہا ہے۔آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان سے دہشتگردی کو کنٹرول کرنے میں بڑی کامیابی ملی ہے جس پر افواج پاکستان خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں سانحہ پشاور کے حوالہ سے آزادکشمیر بھر میں سرکاری سطح پرسہ روزہ تقاریب کے شیڈول کے بارہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات سید ظہورالحسن گیلانی اور پیپلز پارٹی کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی ہدایت پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں ریاست بھر میں تین روزہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں وزراء حکومت،اپوزیشن اراکین، طلباء ،سیاسی وسماجی تنظیموں، وکلاء، تاجروں اور صحافیوں کو بھی مدعو کیا جائیگاجبکہ مختلف تعلیمی اداروں میں بھی تقاریب کا انعقاد کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور ملک کی تاریخ میں دہشتگردی کا بدترین واقعہ تھا جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارت کی جانب سے بدترین ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں اس لیے کشمیری قوم پشاور کے شہداء کے لواحقین کا دکھ بہتر اندا زمیں سمجھ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو کمزور کرنے کی خاطر ملک میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے لیکن ہماری بہادر مسلح افواج نے دہشتگردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دوبارہ امن کا گہوارہ بن جائیگا۔ ڈپٹی سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہین کوثر ڈار نے کہا کہ پریس کلب میں انتخابات کے بعد جس طرح ہارنے والے گروپ نے جیتنے والے کو خیرمقدم کیا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی طرح صحافی بھی جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر نے صحافیوں سے جو وعدے کیے تھے ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔فنڈز کی فراہمی میں وقت لگتا ہے کیونکہ اس میں ایک پورا پراسس درکار ہوتا ہے لیکن صحافیوں سے کی گئی کمٹمنٹ کو پورا کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی حکومت کی غلطیوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ہمارے مثبت کاموں کوسراہنے کے لیے بھی اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر حل ہوجائے تو خطہ سے جنگ کے خطرات ٹل سکتے ہیں اور پورا خطہ پرامن خطے میں تبدیل ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے معصوم بچے پوری قوم کا مستقبل تھے اسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog