حکمرانوں کی غلطیوں کا خمیازہ بے گناہ شہریوں نے زیادہ بھگتا ہے، ریاست عافیہ کی واپسی میں کردار اد کرے: الطاف شکور
ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے جاری عالمی مہم کے سلسلے میں نصرت بھٹو کالونی میں جلسہ عام کا انعقاد، سیاسی و سماجی رہنماؤں کی شرکت و خطاب
کراچی (یواین پی) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم صاحب قوم کی بے گناہ بیٹی عافیہ کو واپس لانے کا وعدہ پورا کرکے ایک محل جنت میں بھی بنا لیں۔عافیہ کوتین معصوم بچوں سمیت اغواء کرکے امریکہ کے حوالے کرنے والے اکثر ذمہ داروں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے جو کہ ریکارڈ پر موجود ہے۔انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے بے گناہ عافیہ کی واپسی کا وعدہ پورا نہ کیا تو بتائیے روز محشر کس منہ سے سے محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ سے شفاعت طلب کریں گے۔ جب آپ روضہ رسول ﷺ علیہ وسلم پر حاضری دیتے ہیں تو کیا آپ کو عافیہ یاد نہیں آتی ہے؟ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے جاری عالمی مہم کے سلسلے میں کراچی ضلع وسطی، نصرت بھٹو کالونی میں جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا جس سے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی، پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور، مولانا اظہرقاسمی، عبدالحاکم قائد، خالد درانی، آصف اعظمی و دیگرسیاسی اور سماجی رہنماؤں نے خطاب کیا ۔ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے اقتدار میں آنے سے قبل اور بعد میں کئی موقعوں پر عافیہ کو وطن واپس لانے کا اعلان کیا۔ اگر پوری قوم عافیہ کو وطن واپس لانے کا مطالبہ باربار کررہی ہے تو یہ کوئی نیا مطالبہ تو نہیں ہے جس پر عمل پیرا ہونے میں حکومت تاخیر کررہی ہے۔ تمامتر ظلم اور ناانصافی کے باوجود دنیا کا وجود اب تک اسلئے قائم ہے کہ عالمی سطح پر ہرشعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ قوم کی بیٹی عافیہ کوبھی اس کی بے گناہی کی بنیادپر دنیا بھر میں حمایت حاصل ہے۔امن اور انصاف کے علمبردار عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ کررہے۔ پاسبان کے صدر الطاف شکور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں اور اداروں کی غلطیوں کا خمیازہ بے گناہ شہریوں نے زیادہ بھگتا ہے۔ عافیہ بھی حکمرانوں اور اداروں کی غلطیوں کا شکار ہوئی اور 13 سال سے قید ناحق میں ہے۔اب ریاست کا فرض بنتا ہے کہ عافیہ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کرے۔ پانامہ لیکس اسکینڈل نے وزیراعظم کوحاصل آئینی اختیارات کی طاقت سے محروم کردیا ہے اس لئے عوام مسائل کے حل کیلئے اداروں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ادارے آئینی کردار ادا کریں اور عافیہ کو وطن واپس لائیں۔