پاکستان قدرتی وسائل اور جغرافیائی اعتبار سے اہم حیثیت رکھتا ہے؛ ملک محمد رفیق رجوانہ

Published on May 23, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 381)      No Comments

index
لاہور(یو این پی) گورنرپنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل اور جغرافیائی اعتبار سے اہم حیثیت رکھتا ہے ،جسے دنیا کا کوئی بھی ملک نظرانداز نہیں کر سکتا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ پاکستان اپنی اس حیثیت سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے عالمی معیشتوں کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کے لیے جس وڑن پر عمل پیرا ہے اس میں ترقی یافتہ ملکو ں کے ساتھ اقتصادی تعاون کا فروغ اور معاشی شراکت داری سرفہرست ہیں ، ان خیالا ت کا اظہار انہو ں نے پاکستان میں جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی( Takashi Kurai) سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہاکہ پاکستان میں اقتصاد ی ترقی کی شرح نمو میں اضافہ اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ اور کامیاب معیشتو ں کا پاکستان کی طرف جھکاؤ موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے اور آج دنیا بھر کی کامیاب ملٹی نینشنل کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی شراکت داری میں جاپان پاکستان کا اہم دوست ملک ہے اور گذشتہ پانچ برسوں کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور کاروباری شعبے میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان اس وقت تجارت کا حجم دو ارب ڈالر ہے جس میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں اور دونوں ملکو ں کی حکومتوں کو ان موجود امکانات سے استفادہ کرنے کے لیے مزید کوششیں کرنا ہوں گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ جاپان کی کمپنی جائیکادونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور مختلف شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ جاپان ٹیکسٹائل درآمد کرنے والا ایک بڑا ملک ہے اور پاکستان کو ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافے کے لیے جاپان کے ساتھ تعاون کو مزید بہتر کرنا ہو گا۔ انہو ں نے کہا کہ جاپان پاکستان میں آٹو موبی ، ہیوی انجنئیرنگ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پہلے ہی بہترین تعاون فراہم کر رہا ہے جس سے مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر توانائی کے شعبے میں پاکستان جاپان کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہے گا۔جاپان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات ہر دور میں دوستی کے ہر معیار پر پورا اترے ہیں اور یہ امر باعث اطمینان ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات معاشی شراکت داری میں تبدیل ہورہے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ جاپان میں زلزلے یا کسی بھی قدرتی آفت کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کا کردار قابل رشک رہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ملکوں کی حکومتیں ہی نہیں عوام بھی ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ ہیں۔بعد ازاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے لاہور کے تاریخی ایف سی کالج میں ویسٹ ہال ہاسٹل کا افتتاح کیا۔اس کثیر المنزلہ کی تعمیر سے طلباء کی بڑھتی ہوئی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر انہو ں نے کہا کہ ملک میں اعلیٰ تعلیمی اقدار کو پروان چڑھانے میں تاریخی تعلیمی ادار وں کا کردار قابل تعریف ہے جو آج بھی اعلی تعلیم کے معیار کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ انہو ں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی اور بہترافرادی قوت کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے اور حکومت بہتر انسانی وسائل کی فراہمی کے لیے اعلی تعلیم کے مواقع عام کر رہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں کی اپ گریڈیشن کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ تعلیم کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ انہو ں نے کہا کہ ایف سی کالج اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے درخشاں روایات کا حامل ہے اور آج بھی ان روایات کو برقرار رکھے ہوئے ہے

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes