مخالفین آل پاکستان مسلم لیگ پارٹی ختم ہو جانے کا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں

Published on June 13, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 298)      No Comments

333
اسلام آباد (یو این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے چئیرمین پرویز مشرف نے کہا ہے کہ مخالفین آل پاکستان مسلم لیگ کے خلاف پارٹی ختم ہو جانے کا بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، بہت جلد پاکستان آ کر پارٹی کی قیادت کروں گا، ملک کو سیاسی اور جمہوری طریقے سے بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے اس مقصد کے لئے پارٹی کارکنان منظم اور مستحکم ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو پارٹی کی سٹئیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں راہنماؤں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق اے پی ایم ایل کے مرکزی دفتر میں سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد کی زیر صدارت پارٹی کی سٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے پی ایم ایل کے سینئیر نائب صدر میجر جنرل(ر) راشد قریشی، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم، سیکرٹری ،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات چودھری اسد محمود اور رابطہ سیکرٹری سید مصطفیٰ شاہ کے علاوہ پارٹی کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، فیڈرل کیپیٹل اور پارٹی کے تمام ونگز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ تمام ذمہ داران نے اپنے اپنے صوبوں میں تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جولائی میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس دوبئی میں منعقد کیا جائے گا جس کی صدارت پارٹی سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف کریں گے۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کے ہونے والے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ ملکی خزانہ لوٹنے والے سرعام سیاست کر رہے ہیں ان پر کوئی پابندی نہیں لیکن ہمارے پارٹی چئیرمین پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات قائم کر دئیے گئے ہیں تا کہ وہ سیاست میں حصہ نہ لے سکیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات ختم کئے جائیں۔ وزیراعظم دل کی سرجری کروانے لندن چلے گئے ہیں اور وہیں سے بیٹھ کر ملک چلا رہے ہیں۔ یہ سب پانامہ لیکس سے بچنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ اگر پانامہ لیکس کی تحقیقات کر کے ذمہ داران کو سزا نہ دی گئی تو احتجاج کرنے والی جماعتوں کے ساتھ ہم بھی باہر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو ہم پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے میں ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ ان کا کہناتھا کہ جنرل(ر) پرویز مشرف بہت جلد پاکستان آئیں گے اور پارٹی کی قیادت کریں گے۔ اکتوبر میں ملک گیر پارٹی ورکرز کنونشن منعقد کریں گے اور 2018 کے انتخابات کے لئے پارٹی تیار کریں گے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes