خصوصی تعلیم اور تربیت قدرتی طور پر جسمانی اور ذہنی معزور افراد کا بنیادی حق ہے، لیفٹیننٹ جنرل صادق علی

Published on December 13, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 354)      No Comments

4
لاہور(یو این پی)کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے کہا ہے کہ خصوصی تعلیم اور تربیت قدرتی طور پر جسمانی اور ذہنی معزور افراد کا بنیادی حق ہے اور اظہار ہمدردی کے بجائے عملی توجہ اور اپنائیت کے ذریعے انھیں معاشرے کا ایک سُود مند اور فعال فرد بنایا جا سکتا ہے۔ وُہ پاکستان رینجرز (پنجا ب )کے زیر انتظام خصوصی تعلیم کے فلا حی تعلیمی ادارے رائز انسٹی ٹیوٹ کے بچوں کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اِس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز (پنجاب) میجر جنرل عمر فاروق برکی بھی موجود تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بہتر تربیّت ،خصوصی توجہ اور حوصلہ افزائی کے ذریعے ذہنی اور جسمانی طور پر کمزور افراد نے بھی مختلف فنون میں نمایاں مقام حاصل کیا اور اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوایا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اِس ضمن میں ہمارے معاشرے کی ایک چھوٹی سی کاؤش اِن خصوصی بچوں کی مخفی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے میں سُود مند ثابت ہو سکتی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اس کی ایک مثال رائزنگ سن انسٹی ٹیوٹ ڈی ایچ اے برانچ کے خصوصی بچوں کا سپیشل المپکس2013کے بین الاقوامی مقابلوں میں مختلف کھیلوں میں 15میڈلز حاصل کرنا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ یہ غیر معمولی کار کردگی یقیناًادارے کی اعلیٰ معیار تربیّت کی عکاس اور وطن کی سر بلندی کے لئے اِن خصو صی بچوں کے عزم کا منّہ بولتا ثبوت ہے ۔ لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے کہا کہ اُنھیں آج اِن خصوصی بچوں کے چہرے پر مایوسی کے بجائے خود انحصاری، اعتماد اور اُمید دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے ۔ کور کمانڈر نے کہا کہ ہمارے ملک میں اِس وقت 54لاکھ افراد کسی ذہنی یا جسمانی معذوری کی وجہ سے خصوصی افراد کے زمرے میں آتے ہیں۔ اُنھوں نے صاحب ِ ثروت افراد اور سماجی تنظیموں پر زُور دیا کہ وُہ آگے آئیں اور اِس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ انسانی خدمت کا یہ عمل ہمارا مذہبی فریضہ ہی نہیں بلکہ اخلاقی اور معاشرتی ذمہ داری بھی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل صا دق علی نے خصوصی تعلیم کے حوالے سے رائز انسٹی ٹیوٹ کی خدمات کو بے حد سراہا اور پاکستان رینجرز انتظامیہ کے خلوص اورجذبہ ٗ خیر سگالی کی تعریف کی ۔اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ تقریب میں موجود حاضرین ان عمدہ معاشرتی اور اخلاقی ااقدار کو مزید آگے بڑھا کر ملک کے کونے کونے تک پھیلائیں گے۔ آخر میں اُنھوں نے انتظامیہ کو یقین دلایا کہ پاک فوج اِس ادارے کو مزید فعال بنانے کے لئے ترقیاتی کاموں کے لئے مالی اعانت فراہم کرے گی۔اس موقع پراسپیشل بچوں نے اِسی خصوصی تقریب میں ملّی نغمے پیش کئے جس پر حاضرین نے انھیں دل کھول کر داد دی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Blog