تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کر دیا

Published on December 14, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 329)      No Comments


اسلام آباد (یو این پی)پاکستان تحریک انصاف (پی آٹی آئی) نے پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم کرتے ہوئے وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف پارلیمنٹ میں تحریک استحقاق اور تحریک التواء پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت (کل) بدھ کو پارلیمنٹ میں وزیراعظم کے خلاف دو تحریکیں جمع کرائے گی۔ عمران خان نے کہا کہ ’وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں دو جھوٹ بولے، پہلا یہ کہ گلف اسٹیل کو بیچ کر جو نفع ملا اس سے مے فیئر کے فلیٹ لیے گئے لیکن ہم نے عدالت میں ثابت کر دیا کہ گلف اسٹیل مل تو 26 لاکھ درہم کے نقصان میں چل رہی تھی تو مے فیئر فلیٹ کیسا خریدا گیا‘؟ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’اپوزیشن کی جانب سے مئے فیئر فلیٹس اور پانامہ کی کمپنیوں کے حوالے سے جواب طلب کرنے پر کہا گیا کہ ہمارے پاس تمام دستاویز موجود ہیں اور جب چاہیں آمدنی کے ذرائع کی تفصیلات پیش کردیں گے‘۔ عمران خان نے کہا کہ ’اس کے برعکس عدالت میں وزیر اعظم کے وکیل نے کہا کہ پارلیمنٹ میں کی جانے والی تقریر سیاسی تھی‘۔ عمران خان نے استفسار کیا کہ وزیراعظم نے اسمبلی میں کیوں جھوٹ بولا کہ ان کے پاس تمام دستاویز موجود ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر پارلیمیٹرینز اور قوم سے جھوٹ بولنے پر پارلیمنٹ میں دو تحریکیں جمع کرائیں گے جن میں سے ایک تحریک التواء اور دوسری تحریک استحقاق ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ’اب پتہ چلے گا کہ پارلیمنٹ جس کے سامنے نواز شریف نے جھوٹ بولا اب ان سے جواب طلب کرے گی‘؟ عمران خان نے کہا کہ کل اپوزیشن اور حزب اقتدار سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی دونوں کا امتحان ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ’جوپارلیمنٹ وزیراعظم سے جواب نہ لے سکے اس کی کیا حیثیت، اب پارلیمنٹ کے اوپر ہے کہ وہ اپنی ساکھ بچائے‘۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’ہم اس لیے پارلیمنٹ سے باہر ہیں کیوں کہ وزیراعظم نے وہاں جواب نہیں دیا، ہم ان کے ہمنوا تو نہیں جو وہاں تالیاں بجانے چلے جائیں‘۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ تحریکیں جمع کرانے وہ خود بھی پارلیمنٹ جائیں گے تو انہوں نے واضح جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر ہماری تحریکوں پر کارروائی ہوتی تو ہم پارلیمنٹ میں واپس آسکتے ہیں ورنہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے‘۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes