قومی اسمبلی: شاہ محمود کی دھواں دھار تقریرٍ، حکومتی ارکان کا شورشرابا

Published on December 16, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 308)      No Comments


اسلام آباد (یو این پی) قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج بھی ہنگامہ جاری رہا۔ شاہ محمود قریشی کی تقریر کے دوران حکومتی ارکان نے خوب شورشرابا مچایا۔ شاہ محمود قریشی نے دھواں دار تقریر کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کا پارلیمنٹ میں بیان درست تھا یا عدالت میں؟ وزیراعظم کا جواب آ جائے تو تشنگی دور ہو جائے گی۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت سے دو گھنٹے دیر سے شروع ہوا تو پارلیمان ایک دوسرے پر کسے گئے جملوں سے گونج اُٹھا۔ پوائنٹ آف آرڈر پر تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی کا خطاب شروع ہوتے ہی حکومتی ارکان نے نعرے بازی شروع کردی جس کی وجہ سے شاہ محمود قریشی کو کئی بار تقریر روکنی پڑی۔شاہ محمود قریشی نے کہا سعد رفیق کو لفظ غنڈا پر معافی مانگنا ہو گی نہیں تو ریلوے میں نہیں پارلیمنٹ میں حادثہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا آئین کی کتاب ہمارے لیے مقدم ہے۔ جمہوریت کو نقصان پہنچنا پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا وزیراعظم کی جانب سے جو پارلیمنٹ کو کہا گیا وہ درست ہے یا جو عدالت میں کہا گیا وہ درست۔ اگر وضاحت آ جائے تو بہت سی تشنگی دور ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا سپیکر قومی اسمبلی نے ان کا موقف سنے بنا ان کی تحریک کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ میرے حقوق کا دفاع سپیکر نے کرنا ہے۔ اگر وہ ایسا نہیں کریں گے تو مجھے کھڑا ہونا پڑے گا۔ایک موقع پر انہوں نے کہا ایوان میں کئی شکاری بیٹھے ہیں جن کے پاؤں تلے بٹیرا آ گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی مسلسل سپیکر قومی اسمبلی کو جناب ایاز صادق کہہ کر پکارتے رہے اور بعد میں خود ہی اس کی وجہ بھی بتا دی۔ شاہ محمود قریشی اور حکومتی اراکین کے درمیان مسلسل توتکرار کا سلسلہ جاری رہا تو شیریں مزاری بھی پر تولتی رہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes