نگران وزیر اعظم سمیت اہم حکومتی و سیاسی شخصیات کی پشاور خود کش دھماکے کی مذمت

Published on July 11, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 200)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی)نگران وزیراعظم ناصرالملک اور متعدد سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے پشاور دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اے این پی کی کارنر میٹنگ میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر دہشتگردی سے پاکستان اور جمہوریت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وطن کو دہشتگردی سے محفوظ کرنا سب کی ذمہ داری ہے، پیپلزپارٹی دہشتگردی کے شکار ہر پاکستانی کے ساتھ کھڑی رہے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے دشمن دہشتگردی کے ذریعے ملک اور جمہوریت پر حملہ آور ہیں۔چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نہتے لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں، واقعے کے ذمہ داروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی خان نے ہارون بلور کی شہادت پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں بلور فیملی کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اے این پی کے سربراہ آبدیدہ تھے اور رندھی ہوئی آواز میں کہنے لگے کہ میرے پاس کہنے کو الفاظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہارون بلور سے قبل ان کے والد بشیر بلور کو بھی شہید کیا گیا تھا۔جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے ہارون بلور پر حملے کو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شہادت پر دل مغموم ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قاتلوں کو فوری طور پر کیفر کردار تک پہنچائے اور الیکشن مہم کے دوران تمام پارٹیوں کے امیدواروں کے لیے فول پروف سیکیورٹی کا اہتمام کرے۔پی پی پی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ افسوسناک سانحہ پر بلور خاندان سے ہمدردی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اورزخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہارون بلور کی کارنر میٹنگ میں ہونے والا دھماکہ وحشیانہ اقدام اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شہادت پر پاکستان سوگوار ہے۔پی ٹی آئی کی مرکزی رہنما شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ ہارون بلور کی شہادت قومی المیہ ہے۔نائب امیرجماعت اسلامی میاں محمد اسلم نے اے این پی کی کارنر میٹنگ پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اورزخمیوں کی صحتیابی کی دعا کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کیے جانے کی ضرورت ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Theme