یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جا ئے گا، آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا

Published on February 5, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 702)      No Comments

6

مظفرآباد(یو این پی)یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جارہا ہے،ملک بھر کی طرح آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں صبح کا آغاز نماز فجر کے بعد شہداء کشمیر کے درجات بلندی،کشمیر کی آزادی اور استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔جبکہ صبح 10بجے ملک بھر اور آزادکشمیر میں سائرنگ بجا کر ٹریفک روک دی گئی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔جبکہ کوہالہ کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی جس میں آزادکشمیر کے سابق صدور اور وزراء اعظم اور خیبر پختونخواہ حکومت کے ذمہ داران شرکت کریں گے۔جبکہ پاکستان وزآزادکشمیر کو ملانے والی دیگر شاہرات اور پلوں پر منگلا،آزادپتن،برارکوٹ،ہولاڑ ودیگر مقامات پر بھی انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ آزادکشمیر حکومت نے یوم یکجہتی کے حوالے سے 24نکاتی 5صفحات پر مشتمل انتظامی نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق آزادکشمیر کی تمام مساجد میں فجر کے بعد تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی،دن کی مناسبت سے مقبوضہ کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آزادجموں وکشمیر ٹیلی ویژن اور تینوں ریڈیو اسٹیشنز پر صدر ریاست اور وزیراعظم آزادکشمیر کے خصوصی پیغامات نشرکیے جائیں گے۔جبکہ وزیرامور کشمیر وگلگت بلتستان اور چیئرمین قومی پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے پیغامات بھی وفاقی وزرات اطلاعات کی وساطت سے ٹیلی کاسٹ کیے جائیں گے۔سہ پہر تین بجے چھتر سول سیکرٹریٹ چوک سے براستہ نلوچھی بائی پاس ایک عظیم الشان کار ریلی نکالی جائے گی جس کا اہتمام لبریشن سیل ،محکمہ مواصلات وتعمیرات عامہ،ترقیاتی ادارہ اور میونسپل کارپوریشن کرینگے۔جس میں تحریک آزادی کے حوالے سے فلوٹس شامل ہونگے ،ریلی کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر برہان مظفروانی شہید چوک نزد سینٹرل پریس کلب کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔جبکہ وزرات اطلاعات حکومت پاکستان کے زیر اہتمام مشاعرے ودیگر پروگرام بھی ترتیب دیے گئے ہیں ۔آزادکشمیر اور پاکستان کے قومی اور ریاستی اخبارات میں آج خصوصی سپلیمنٹ شائع کیے جائیں گے۔وزیراعظم پاکستاممتاز کشمیری راہنماؤں اور حریت قیادت کے اعزاز میں آج رات اسلام آباد میں عشائیہ دیں گے جبکہ کنونشن سینٹر اسلام آباد میں بھی وزرات امور کشمیر وگلگت بلتستان کے زیر اہتمام کشمیر کنونشن منعقد ہوگا جس میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین اور وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ،چیئرمین قومی کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن،وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر،وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن ،ودیگر شخصیات خطاب کریں گے۔شیڈول کے مطابق کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام مظفرآباد میں ریاست بھر کے سکول،کالجز ،یونیورسٹیوں کے مابین مضمون نویسی،مقالہ نگاری اور تقریری مقابلے منعقد کیے جائیں گے جبکہ کوہالہ سے مظفرآباد اور راولاکوٹ میں حق خودارادیت کے حوالے سے دستخطی مہم محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام تمام اضلاع میں پبلک ریلیز کے انعقاد اور مختلف کھیلوں کے نمائشی مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔محکمہ صحت عامہ کے زیر اہتمام جملہ ڈسٹرکٹ اسپتالوں کے احاطہ میں بلڈ ڈونیشن کیمپ قائم کیے جائیں گے۔دریں اثناء وزیراعظم پاکستان کی متوقع آمد کے سلسلہ میں دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے شہر میں صفائی ستھرائی کا کام مکمل کرلیاگیا ہے جبکہ کشمیر لبریشن سیل اور دیگر محکموں کی جانب سے شہر بھر میں تحریک آزادی کشمیر،حق خودارادیت اور شہداء کشمیر کو خراج عقیدت کے حوالے سے بینرز آویزاں کردیے گئے ہیں۔دریں اثناء جماعت اسلامی آزادکشمیر،جماعۃ الدعوۃ،اہلسنت والجماعت،جمعیت علماء اسلام اور آئی ایس او کے زیر اہتمام بھی شہر میں بینرز ،یوم یکجہتی کے حوالے سے پروگرامات اور یکجہتی سیمینارز اور ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ متعدد بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے بھی شہر میں حق خودارادیت کے حق میں بینرز آویزاں کے گئے ہیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog