پشاور؛صوبے میں روایتی تعلیم سے ہٹ کر عصر حاضر سے ہم آہنگ جدیدنظام تعلیم چاہتے ہیں؛وزیر تعلیم

Published on February 7, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 383)      No Comments

6
پشاور(یوا ین پی) صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا کی شعبہ تعلیم میں متعارف کردہ اصلاحات کے انتہائی مثبت اور حوصلہ افزاء نتائج مرتب ہورہے ہیں اور سرکاری سکولوں پر عوام کا اعتماد بھی بڑھ رہاہے نجی تعلیمی اداروں کے 34ہزار سے زیادہ بچوں کے سرکاری سکولوں میں داخلے اس کا بین ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں روایتی تعلیم سے ہٹ کرعصرحاضرکے تقاضوں سے ہم آہنگ ایسا نظام تعلیم چاہتے ہیں جس سے بچوں کی تخلیقی صلاحیتیں اجاگر ہوں اور وہ عملی زندگی میں کامیابی سے آگے بڑھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور میں ایلیمنٹری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں بورڈکے ارکان کے علاوہ ا سپیشل سیکرٹری قیصر عالم اور فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں،کارکردگی،انتظامی اور مالی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیااور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس کو ایلیمنٹری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جاری پروگراموں جن میں گرلز کمیونٹی سکولز ،اقراء فروغ تعلیم واؤچرزسکیم، تعمیر سکول اور روخانہ پختونخواپروگرام شامل ہیں پر پیش رفت کابھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کویقین دہانی کرائی گئی کہ فاؤنڈیشن مقررہ اہداف کامیابی سے حاصل کرلے گا ۔وزیر تعلیم نے کہا بلاشبہ محکمے نے گزشتہ سالوں کے دوران 100فیصد اہداف حاصل کرکے نئی مثال قائم کی ہے اور انہیں امید ہے کہ محکمہ اپنی یہی بہتر کارکردگی آئندہ بھی برقرار رکھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی تعلیمی پالیسی کا ہدف صوبے کے ہر بچے کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنااور سکولوں سے باہر لاکھوں بچوں کو سکول لاناہے کیونکہ صوبے کی تقدیر تعلیم کے ذریعے ہی تبدیل کی جا سکتی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تعلیم عام کرنے کے لئے شروع کردہ تمام منصوبوں کی ہر صورت بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔عاطف خان نے فاؤنڈیشن کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ کوئی لمحہ ضا ئع کئے بغیر اپنے زیر اہتمام تمام پراجیکٹس پر کام کی رفتار تیز کریں اور اپنی سرگرمیوں کو پورے صوبے تک وسعت دینے کے لئے قابل عمل پلان تیارکریں تاکہ عام آدمی اس سے بھرپور استفادہ کریں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Blog