اسلام آباد (یو این پی)اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ کا اجلاس (آج)بدھ کواسلام آباد میں ہوگا اس سلسلے میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ٗ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقامی تعطیل ہوگی ٗیو این پی کے مطابق اجلاس کیلئے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ٗوفاقی دارالحکومت کی شاہراہ دستور سبز پٹی کی زیبائش اور ای سی او سربراہان مملکت و حکومت کی تصاویر اور رنگ برنگ پھولوں سے سج گئی ۔تفصیلات کے مطابق (آج)بدھ کو ہونے والے اجلاس میں تنظیم کے کل 10 رکن ممالک ایران، ترکی، پاکستان، افغانستان، آذربائیجان، ترکمانستان، ازبکستان، تاجکستان، کرغزستان اور قزاخستان کے سربراہان مملکت و حکومت کی آمد پر سڑکوں اور شاہراہوں کی صفائی ستھرائی کا کام بھی جاری ہے۔ نہ صرف شاہراہ دستور بلکہ خیابان سہروردی، ایکسپریس وے، کشمیر ہائی وے اور جناح ایونیو سمیت تمام بڑی شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز اور سامان زیبائش سے آراستہ کیا گیا راولپنڈی اسلام آباد ہائی وے پر تمام پلوں پر ان سربراہان مملکت کی تصاویر کے بینرز آویزاں کئے گئے ہیں ٗ پولیس کے اضافی دستے تمام اہم شاہراہوں پر تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ ریڈ زون کی طرف جانے والے تمام راستے عام ٹریفک کیلئے بند کر دیئے گئے ہیں ۔