خواتین کو نظر انداز کرکے ترقی اور خوشحالی کی منزل کا حصول ممکن نہیں،راجہ فاروق حیدر

Published on March 10, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 406)      No Comments

8
مظفرآباد(یوا ین پی)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ علما ء کرام ،سماجی ورفاعی ادارے اور میڈیا خواتین کے حقوق کی آگاہی کے لیے اپنا موثر اور جاندار کردار ادا کریں۔ اسلام نے 14سوسال پہلے خواتین کو جو حقوق ومرتبہ دیا آج ساری دنیا کی خواتین ان حقوق کا مطالبہ کررہی ہیں۔ اسلام میں عورت کو خصوصی مقام ومرتبہ دیا گیا ہے اور عورت کے حقوق کے تحفظ کا حکم دیا گیا ہے۔ اسلام میں عورت کو مرد سے زیادہ مقام ومرتبہ حاصل ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی کے دوران کشمیری خواتین نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے اور بھارتی مظالم کا جرات اور بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے آسیہ اندرابی اور فریدہ بہن جی جدوجہد آزادی میں کشمیری خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں۔حقوق کے ساتھ ساتھ خواتین اپنے فرائض کا بھی خیال رکھیں۔حکومت آزادکشمیر خواتین کو قومی دھارے میں لانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔ خواتین کو نظر انداز کرکے ترقی اور خوشحالی کی منزل کا حصول ممکن نہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے محکمہ سماجی بہبود وترقی نسواں کے زیر اہتمام منعقدہ نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔نمائش کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے محکمہ کے زیر اہتمام لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ بھی کیا۔تقریب سے سیکرٹری سماجی بہبود وترقی نسواں غلام بشیر مغل،ڈاکٹر بشریٰ شمس، راحت فاروق ایڈووکیٹ ،ڈائریکٹر وویمن ڈویلپمنٹ سرفراز عباسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ممبران اسمبلی فائزہ احسن، سحرش قمر،مصطفی بشیر عباسی، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، میڈم تنویز لطیف اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ خواتین ہماری آبادی کانصف ہیں جنہیں نظر انداز کرکے ترقی کی منزل حاصل نہیں کی جاسکتی۔ آزادکشمیر میں خواتین ہر شعبے میں آگے آرہی ہیں تعلیم کے میدان میں طالبات آگے ہیں خطہ کے اندر شرح خواندگی 76فیصد ہے جس میں خواتین کی شرح خواندگی 56فیصد ہے جو کہ خوش آئند اور حوصلہ افزا ء ہے ۔حکومت آزادکشمیر خواتین کو حقوق کی فراہمی اور انھیں سہولیات مہیا کرنے کے لیے جملہ وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں فیملی کورٹس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ خواتین کو جلد اور فوری طور پر انصاف فراہم ہوسکے۔ حکومت ترقی نسواں کے محکمے میں ہر ضلع کے اندر ایک لاء گریجویٹ خاتون تعینات کررہی ہے تاکہ وہ خواتین کو قانونی مشاورت اور معاونت مہیا کرے۔اس اقدام سے خواتین کے حقوق کا تحفظ ممکن ہوگا اور انکے مسائل کا حل انکی دہلیز پرممکن ہوسکے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے انتخابی فہرستوں میں خواتین ووٹرز کا سوفیصد اندراج یقینی بنایا جائے۔حکومت آزادکشمیر بلدیاتی انتخابات میں خواتین اور نوجوانوں کو سامنے لائے گی اور خواتین اور نوجوانوں کے لیے 25فیصد کوٹہ مختص کیا جائے گا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy