پاکستان کو تنہا کرنے کا پراپیگنڈا کرنے والے جان لیں کہ عالمی دوست ہمارے ساتھ ہیں: آرمی چیف جنرل باجوہ

Published on April 1, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 303)      No Comments

 راولپنڈی ( یو این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے عالمی دوست اس کا بہت احترام کرتے ہیں ، وہ لوگ جو پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کیلئے پراپیگنڈا کرتے ہیں انہیں یہ بات جان لینی چاہیے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگلا کے قریب نیشنل کاﺅنٹر ٹیرارزم سنٹر پبی کا دورہ کیا۔ انہوں نے یہاں دوسرے پاک آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑیوں سے ملاقات کی ، یہ مقابلے یکم سے پانچ اپریل تک منگلا کے قریب منعقد ہوں گے۔پاک آرمی کی ٹیم کے علاوہ چین، انڈونیشیا، اردن ، ملائیشیا، برما، سری لنکا، ترکی ، تھائی لینڈ اور برطانیہ کی مسلح افواج کی ٹیمیں ان مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ مقابلوں کا مقصد آرمی جوانوں کی دہشتگردی کے خلاف آپریشنز کیلئے صلاحیتیں جانچنا ہے۔آرمی چیف نے غیر ملکی ٹیموں کے شرکا سے ملاقات میں جسمانی صحت اور ٹیم ورک کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا خطرہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے جس کے خلاف مشترکہ جد و جہد کی ضرورت ہے۔ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور امن و استحکام کیلئے کوششیں کر رہا ہے اور پوری دنیا اس حوالے سے ہماری کوششوں کی تعریف کرتی ہے۔ وہ لوگ جو پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کیلئے پراپیگنڈا کرتے ہیں انہیں دیکھ لینا چاہیے کہ کیسے پاکستان کے عالمی دوست ہماری عزت و احترام کرتے ہیں ۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress主题