پاناما کیس ،اللہ کا جتنا شکر ادا کریں وہ کم ہے،خواجہ آصف

Published on April 20, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 267)      No Comments


اسلام آباد(یو این پی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اللہ کا جتنا شکر ادا کریں وہ کم ہے،عدالت عظمیٰ نے فیصلہ دیا ہے مزید تحقیقات کی جائیں اور یہی بات چھ ماہ قبل خود وزیراعظم نواز شریف نے بھی کہی تھی۔عدالت سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مخالفین نے جو شواہد پیش کیں وہ ناکافی تھیں اور ان کی مزید تحقیقات کی ضرورت ہے، ہم سرخرو ہوئے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف 2018 تک وزیراعظم ہیں اور آئندہ انتخاب میں مزید 5برس کے لیے وزیراعظم منتخب ہوں گے۔ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے اس موقع پر کہا کہ مخالفین نے عدالت کے ذریعے عوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی کوشش کی لیکن سپریم کورٹ نے سازش کو ناکام بنادیا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ چور دروازے کے ذریعے وزیراعظم کو عہدے سے ہٹانا چاہتے تھے انہیں منہ کی کھانی پڑی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ وہ لوگ جو یہ دعوی کرتے تھے کہ ان کے پاس ناقابل تردید شواہد ہیں انہیں بھی شرمندہ ہونا پڑا ہے کیوں کہ جے آئی ٹی کی تشکیل اس بات کا ثبوت ہے کہ عدالت نے ان شواہد کو مسترد کیا اور مزید تحقیقات کا حکم دیا۔وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک بار پھر میاں نواز شریف اور ان کی ٹیم اور کروڑوں ووٹرز سرخرو ہوئے ہیں، ہم سب نے بارہا یہ کہا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا احترام کیا جائے گا اور اب وقت آگیا ہے کہ جو کچھ کہا گیا اس پر عمران خان، سراج الحق اور دیگر درخواست گزار بھی عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی اعلی ترین عدالت نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے اور جے آئی ٹی کی تشکیل وزیراعظم کے موقف کی فتح ہے۔سعد رفیق نے کہا کہ ہم چاہتے تو عمران خان کی طرح سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار پر سوال کرسکتے تھے لیکن وزیراعظم قانونی مشیروں کے روکنے کے باوجود سامنے آئے اور عدالت عظمی کے سامنے پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا اور عدالتی فیصلے پر عمل کیا جائے گا۔سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر حکمران جماعت کے رہنما اپوزیشن جماعتوں بالخصوص پاکستان تحریک انصاف کے خلاف محاذ کھولے بیٹھے ہیں۔مسلم لیگ کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے جو وعدہ کیا وہ پورا ہوتا نظر آرہا ہے، نواز شریف اور ان کے بچوں نے کوئی استثنٰی نہیں لیا لیکن تلاشی نہ دینے کی بات کرنے والے آج منہ چھپائے بیٹھے ہیں۔

Readers Comments (0)




Weboy

Weboy