کشمیری عوام اپنے بچوں کو بھارتی فوج کے گڈ ول اسکولوں میں نہ بھیجیں ؛سید علی گیلانی

Published on May 7, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 342)      No Comments

سری نگر(یو این پی) کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیئر مین سید علی گیلانی نے بھارتی فوج کے گڈ ول اسکولوں کا جال پھیلانے کو ایک تشویشناک معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کشمیری بچوں کی جبری قبضے کے حق میں ذہن سازی کرنے کی ایک منصوبہ بند اور خاموش کوشش ہے اور ان اسکولوں میں زیرِ تعلیم بچے غیر محسوس طریقے پر اپنی دینی اور تہذیبی اقدار سے بھی غیر مانوس بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ معمولی مالی فائدے کے لیے اپنے بچوں کے مستقبل اور ذہنی نشوونما کے ساتھ کھلواڑ نہ کریں اور انہیں کسی بھی صورت میں گڈ وِل اسکولوں میں داخل نہ کرائیں۔یو این پی کے مطابق انہوں نے مذکورہ اسکولوں میں زیرِ تعلیم بچوں کے والدین کو بھی مخاطب کیا کہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے اور آپ کے بچوں کی ذہنی ساخت بدل جائے اور وہ اپنی قوم کے رہیں اور نہ اپنے دین کے، آپ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں اور انہیں متبادل اسکولوں میں داخل کرائیں۔ گیلانی نے کہا کہ ایک طرف ہماری قوم بھارت کے جبری قبضے کے خلاف جدوجہد کررہی ہے اور اس جدوجہد میں بھارتی فوج یہاں سروں کی فصل کاٹ رہی ہے اور جوانوں کو آنکھوں کی بینائی سے بھی محروم کررہی ہے اور دوسری طرف کچھ لوگ اپنے بچوں کو اسکولنگ کے لئے اسی فوج کے حوالے کررہے ہیں اور اپنے مستقبل کو اس کے بھروسے پر چھوڑ جاتے ہیں۔ یہ کھلا ہوا تضاد ہے اور اس کا کوئی اخلاقی جواز بھی نہیں ہے۔ گیلانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری ریاست میں ایک سے بڑھ کر ایک اسکول موجود ہیں، جن میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی دینی اور اخلاقی بنیادوں پر بھی نشوونما کی جارہی ہے۔ میری ان والدین سے جن کے بچے گڈول اسکولوں میں زیرِ تعلیم ہیں، تاکیدی اپیل ہے کہ وہ اپنی عاقبت اور اپنے بچوں کا مستقبل بچانے کی فکر کریں اور اس سنگین اور اہم معاملے پر غوروخوض کرکے کوئی بہتر فیصلہ کریں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Weboy