جاپانی شہزادی غریب نوجوان کیلئے شاہی خاندان چھوڑنے کو تیار

Published on May 18, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 410)      No Comments


ٹوکیو:(یو این پی)  پچیس سالہ شہزادی مکو اپنی زندگی کے سب سے اہم فیصلے کے بعد عالمی میڈیا کی زینت بن چکی ہیں۔ ان کے محبوب کا نام کائی کومیورو ہے جو یونیورسٹی میں شہزادی کے کلاس فیلو تھے۔ جاپانی شہزادی مکو نے اپنے یونیورسٹی کے کلاس فیلو کائی کومیورو سے شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ شادی کی یہ تقریب آئندہ سال منعقد ہو گی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کائی کومیورو نہ ہی امیر ہیں اور نہ ہی کسی اونچے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ جاپان کے ایک عام شہری ہیں۔ ان کی ملاقات شہزادی مکو سے یونیورسٹی میں ہوئی اور دونوں ایک دوسرے کو دل دے بیٹھے۔ رپورٹس کے مطابق 25 سالہ کومیورو ٹوکیو یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں اور ایک لا فرم میں ملازم ہیں۔ شہزادی مکو کی کومیورو سے ملاقات تقریبا پانچ سال قبل یونیورسٹی میں ہوئی تھی۔ شہزادی مکو نے اپنے ہونے والے شوہر کومیورو کی ملاقات اپنے والدین سے بھی کر وا دی ہے۔ جنہوں نے شادی کی اجازت دیدی ہے۔ تاہم خاندانی رواج کے مطابق شہزادی کو عام نوجوان سے شادی کرنے کے بعد اپنے شاہی خاندان اور گھر کو چھوڑنا پڑے گا۔ خبریں ہیں کہ محبت کے ہاتھوں مجبور شہزادی مکو یہ قربانی دینے کو بھی تیار ہو گئی ہیں۔ واضح رہے کہ یہ پہلی دفعہ نہیں کہ کسی جاپانی شہزادی نے اپنی محبت کے ہاتھوں مجبور ہو کر شاہی زندگی کو خیر باد کہا ہو۔ اس سے قبل شہزادی سایاکو نے بھی عام نوجوان سے شادی کی خاطر اپنے خاندان کو چھوڑ دیا تھا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Free WordPress Themes