کشمیریوں نے مودی سرکار کو نامرد بنا دیا ہے، کانگریس

Published on May 24, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 458)      No Comments


نئی دہلی(یو این پی)بھارتی حکومت کو نامرد قرار دیتے ہوئے کانگریس نے الزام عائد کیا کہ مودی سرکارکشمیر میں تشدد کو روکنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے، حالانکہ بی جے پی قوم پرستی کے بارے میں کافی نصیحتیں کیا کرتی تھی ۔ پارٹی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کشمیر میں سنگین صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپوزیشن کو اعتماد میں لے اور اگر حکومت اس صورتحال کو نظرانداز کرتی ہے تو پھر اپوزیشن خود پیشرفت کرے گی ۔ اے آئی سی سی کے ترجمان ابھیشک سنگھوی نے کہاکہ کانگریس سمجھتی ہے کہ کشمیر میں صورتحال کو ابتر بنانے سے روکنے کیلئے حکومت نے کچھ بھی نہیں کیا ۔ سنگھوی نے کہاکہ یہ ایک انتہائی افسوسناک پہلو ہے کہ موجودہ حکومت میں حالات جس قدر بے قابو اور ابتر ہوئے ہیں ، 1987 یعنی تقریبا 30سال کے دوران کبھی ایسا نہیں ہوا ۔ انھوں نے جاننا چاہا کہ آخر یہ سب کیوں ہورہا ہے ؟ موجودہ حکومت نامرد کیوں ہوگئی ہے ؟ بے شرمی کے ساتھ قوم پرستی پر صرف بیان بازی کی جاتی رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ یہ بھی ایک انتہائی افسوسناک پہلو ہے کہ عام شہریوں کے علاوہ پولیس کو بھی نقصانات برداشت کرنا پڑ رہاہے ۔ کانگریس نے نریندر مودی حکومت سے وادی میں امن کی بحالی کیلئے بلیوپرنٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا اور یہ دعوی کیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران تشدد میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔ کانگریس کے ایک اور لیڈر رندیپ سرجیوالا نے کہا کہ وادی میں امن کیلئے مرکز کی پیشرفت کو ہماری تائید حاصل رہے گی لیکن اس طرح کی صورتحال پیدا کرنے کی ذمہ داری وزیراعظم پر عائد ہوتی ہے ۔ نریندر مودی کو واضح موقف اختیار کرنا چاہئے ۔ کانگریس اور دیگر جماعتیں عام حالات بحال کرنے میں مدد کریں گی ۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ اپوزیشن کا ہر شعبہ اس صورتحال پر انتہائی تشویش سے دوچار ہے اور ہم معاملے کی حساسیت کو بھی سمجھتے ہیں ، لہذا اس مقصد کیلئے اگر کوئی پیشرفت کی جارہی ہو تو بھی حیرت کی بات نہیں ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اس طرح کی پیشرفت بعض بی جے پی قائدین بھی کررہے ہیں ۔ بالفرض حکومت جموں و کشمیر جیسی حساس ریاست کے معاملے میں دستوری ذمہ داری سے فرار اختیار کرے تو پھر فطری طورپر اپوزیشن کو یہ ذمہ داری ادا کرنی ہوگی ۔ انھوں نے کہاکہ جموں و کشمیر میں ایسے واقعات پیش آرہے ہیں جو ماضی میں کبھی نہیں ہوئے اور ان واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ کانگریس لیڈر نے کہاکہ گزشتہ تین سال کے دوران موجودہ حکومت کی کشمیر پالیسی ہر گذرتے دن کے ساتھ بدلتی رہی ہے ۔ جموں و کشمیر کے بارے میں مستقل پالیسی کا فقدان پایا جاتا ہے اور ہفتہ میں 8مرتبہ حکومت نے یہ پالیسی تبدیل کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اپنا موقف تبدیل کرنے یا کبھی اِدھر تو کبھی ادھر پالیسی اختیارات کرنے سے غلط اشارے ملیں گے ۔ انھوں نے کشمیر میں موجودہ صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیا اور کہاکہ حکومت کو فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy