خارجہ پالیسی کوعصرحاضرکے تقاضوں سے ہم آہنگ کیاجائے،وزیراعظم نے وزارت خارجہ کوگائیڈلائنزدیدیں

Published on June 30, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 341)      No Comments
اسلام آباد(یوا ین پی )وزیراعظم نوازشریف نے وزارت خارجہ کوملک کی خارجہ پالیسی کوعصرحاضرکے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ’’گائیڈلائنز‘‘دیتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے پرامن ہمسائیگی کے اصول پر کاربند رہے گامگر قومی سلامتی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا، نہتے کشمیریوں کی جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم نوازشریف کے زیرصدارت دفترخارجہ اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔یونی ویژن نیوز کے مطابق اجلاس میں دنیابھرمیں ہونے والے حالیہ پیشرفت کے تناظرمیں خارجہ پالیسی کے تمام پہلوؤں کاجائزہ لیاگیا۔ مشیرخارجہ سرتاج عزیز، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور تمام ڈیسک کے ڈائریکٹر جنرلزنے اہم خارجہ امورکے بارے میں بریفنگ دی ۔شرکاء کو پاک بھارت تعلقات، بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں ،کلبھوشن یادیو کیس میں ہونے والی پیش رفت ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور افغانستان سرحدی امور اور ٹرمپ مودی اعلامیے کے خطے پر اثرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم کو پاکستان، افغانستان اور ایران کے ساتھ تعلقات ،سرحدی معاملات اور وزارت خارجہ کے اقدامات کے بارے میں بھی بریف کیاگیا ۔ وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹرمپ مودی مشترکہ اعلامیہ میں امریکہ نے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش عملًا واپس لے لی ہے ، امریکہ نے خطے میں قیام امن میں کردار ادا کرنے کا موقع ضائع کر دیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بدلتی صورتحال پر وزارت خارجہ کو گائیڈلائنز دی۔سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملکی سلامتی کویقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے جبکہ پاکستان خلیج میں کشیدگی کے خاتمے اورمفاہمتی کوششوں کوجاری رکھے گا۔ اجلاس میں افغانستان میں امن کیلئے چین کی سفارتکاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد کی کوششیں جاری رکھنے اور سعودی قطر تنازعے میں غیرجانبدار رہنے کا فیصلہ بھی کیاگیا ۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے فوری حل کیلئے سفارتکاری کو مزید متحرک کیا جائے گا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمسایوں سے پرامن تعلقات چاہتا ہے مگر اپنی سلامتی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ہم خطے میں امن و استحکام کیلئے پرامن ہمسائیگی کے اصول پر کاربند رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کی جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا ، افغانستان میں امن کیلئے چین کی مصالحتی کاوشوں کا خیر مقدم کرتے ہیں ، خلیج کی صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے پاکستان بدستور اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔ واضح رہے کہ اس سے ایک روزقبل دفتر خارجہ میں اعلیٰ افسران کا اجلاس بھی ہوا تھا جس میں تمام ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی اور وزیراعظم کو دی جانے والی بریفنگ کے نکات پر غور کیاگیاتھا۔
Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress主题