کیا آپ آئی فون کے بارے میں یہ سب کچھ جانتے ہیں؟

Published on July 3, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 749)      No Comments


کراچی:(یو این پی): 29 جون کے روز ایپل کارپوریشن کے مشہورِ زمانہ ’’آئی فون‘‘ نے اپنے 10 سال پورے کر لیے اور ساری دنیا میں آئی فون کے لیے مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹیکنالوجی کے شاہکار یعنی آئی فون کا تاریخی سفر جہاں صارفین اور ایپل کارپوریشن کے لیے انتہائی مفید رہا وہیں اس سے کچھ دلچسپ واقعات اور معلومات بھی وابستہ ہیں جن میں سے چند ایک کا انتخاب پیشِ خدمت ہے۔ یہ باتیں وہ ہیں جن سے بہت کم لوگ واقف ہیں:

1۔ ایپل کارپوریشن نے تو دراصل ایک ٹیبلٹ کمپیوٹر کا منصوبہ شروع کیا تھا لیکن اسی دوران ایک ایسے آئی پیڈ کا تصور سامنے آیا جس میں ورچوئل کی بورڈ بھی ہو۔ اسی خیال سے آئی فون کے منصوبے نے جنم لیا تھا۔

2۔ آئی فون کا نام سامنے آنے کے کچھ عرصے بعد ہی مشہور ٹیکنالوجی فرم ’’سسکو سسٹمز‘‘ نے ایپل کارپوریشن پر مقدمہ کر دیا کیونکہ وہ اس سے پہلے ہی بذریعہ انٹرنیٹ کال کرنے والا فون (وی او آئی پی فون) تیار کر چکی تھی جسے اس نے ’’آئی فون‘‘ کا نام دیا تھا۔ ایپل کارپوریشن نے آخرکار سسکو سسٹمز کو خطیر رقم دے کر اس نام (آئی فون) سے دست بردار ہونے پر راضی کیا تھا۔

3۔ اشتہار میں دکھائے جانے والے ہر آئی فون کی اسکرین پر 9 بجکر 41 منٹ کا وقت بجا ہوتا ہے کیونکہ یہ عین وہی وقت تھا جب ایپل کارپوریشن کے بانی اور سی ای او اسٹیو جابز نے 2007 میں پہلا آئی فون دنیا کے سامنے پیش کیا تھا۔

4۔ سام سنگ اگرچہ ایپل کارپوریشن کا حریف ادارہ ہے لیکن آئی فون کے لیے پروسیسر سام سنگ ہی تیار کرتا ہے۔

5۔ ٹائم میگزین نے 2007 میں آئی فون کو اُس سال کی سب سے بڑی ایجاد قرار دیا تھا۔

6۔ 2012 کے اختتام پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس سال ہر روز 3 لاکھ 40 ہزار کے لگ بھگ آئی فونز فروخت ہوئے تھے۔

7۔ ایپل کا آن لائن میوزک اسٹور ’’آئی ٹیون‘‘ استعمال کرنے کی شرائط میں ایک شرط یہ بھی ہے کہ آپ ایپل کارپوریشن کی کسی بھی پروڈکٹ کا استعمال کرتے ہوئے ایٹمی ہتھیار نہیں بنائیں گے۔

8۔ اب تک آئی فون کے 15 ڈیزائن سامنے آچکے ہیں یعنی تقریباً ہر 8 ماہ میں ایک نیا ڈیزائن۔

9۔ ایپل کی ’’ایپ اسٹور‘‘ وہ پہلی ویب سائٹ ہے جس نے پہلی بار قانونی طور پر ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

10۔ اگر آئی فون کو روزانہ ایک مرتبہ مکمل طور پر چارج کیا جائے تو یہ پورے سال میں صرف 25 سینٹ (تقریباً 27 پاکستانی روپے) جتنی لاگت والی بجلی استعمال کرے گا۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Weboy