لاہور:(یو این پی) عائشہ احد ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان خواتین کے حقوق کے دعوے کرتے ہیں مگر جب میں نے حقوق طلب کئے تو ان کی جانب سے کچھ تعاون نہیں کیا گیا، ایک عام آدمی کیسے اپنے حقوق حاصل کر سکتا ہے۔پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے مریم نواز شریف کی پیشی کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بحث چھڑ چکی ہے جس پر ہر فرد اپنی رائے کا اظہار کر رہا ہے ، اس بحث میں عائشہ احد ملک بھی میدان میں آ گئیں اور کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے مجھے انصاف نہیں دیا، سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ”ٹوئٹر “ پر مسلسل ٹوئٹس کے ذریعے انہوں نے انصاف کے حصول کا رونا رویا، ان کا کہنا تھا اگر مریم قوم کی بیٹی ہے تو میں وزیر اعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان سے پوچھتی ہوں کہ میں کون ہوں جو 7 سالوں سے انصاف کی منتظر ہوں ۔ واضح رہے کہ عائشہ احد ملک نے مبینہ طور پر دعوی کیا تھا کہ ان کی شادی حمزہ شہباز شریف کے ساتھ ہوئی اور اس شادی کے حوالے سے ان کے پاس ثبوت موجود ہیں جن میں شادی کی ویڈیوز اور کاغذات بھی موجود ہیں۔