پولیس کا ستمبر میں کڑا امتحان: عید، کرکٹ، الیکشن معرکہ اور محرم الحرام

Published on August 28, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 629)      No Comments

لاہور(یو این پی)  ستمبر لاہور پولیس کیلئے کڑے امتحان کے ساتھ شروع ہو گا۔ پہلے عید الا ضحیٰ، پھر ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کی آمد، این اے 120 کا الیکشن اور محرم الحرام کیلئے سیکیورٹی انتظامات کرنے کا چیلنج درپیش ہو گا۔ اس تناظر میں لاہور پولیس کو ٹاسک سونپ دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ستمبر میں انتہائی اہمیت کے متعدد ایونٹ ہونے جا رہے ہیں جس میں سرفہرست عید قرباں ہے جو 2 ستمبر کو منائی جائے گی۔ اس کے بعد 12 ستمبر کو ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم کا دورہ متوقع ہے جو لاہور میں ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ کرکٹ کا معرکہ ختم ہونے کے بعد 17 ستمبر کو این اے 120 میں الیکشن ہو گا۔ بعد ازاں محرم الحرام شروع ہو جائیگا۔ اس طرح ستمبر لاہور کے شہریوں کیلئے ریڈ الرٹ اور ہائی سیکیورٹی کے ساتھ شروع اور اختتام پذیر ہو گا۔ذرائع کے مطابق ستمبر کے آغاز سے پہلے ہی ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس منعقد ہونا شروع ہو گئے ہیں جبکہ لاہور پولیس کے اعلیٰ حکام نے بھی سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کیلئے سر جوڑ لئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ لاہور پولیس پہلے ہی نفری کی کمی کا سامنا کر رہی ہے۔ اس تناظر میں لاہور پولیس کیلئے ستمبر کے چیلنجز سے نمٹنا آسان نہیں ہو گا۔ذرائع کے مطابق عید پر 8 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے جو نماز کے بڑے اجتماعات، بازاروں اور تفریحی مقامات پر ڈیوٹیاں انجام دیں گے۔ دس ہزار سے زائد اہلکار ورلڈ الیون کی آمد پر تعینات کیے جائیں گے۔ ایلیٹ فورس، ڈولفن، پیرو اور دیگر سیکیورٹی ادارے بھی اس ایونٹ کو پرامن بنانے کیلئے کردار ادا کریں گے۔ بعد ازاں این اے 120 کا الیکشن خاصی اہمیت کا حامل ہے جس میں نہ صرف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے تصادم کا خدشہ موجود ہے بلکہ دہشتگردی کے خطرات بھی منڈلا رہے ہیں۔ الیکشن کو پرامن بنانے کیلئے حلقے میں 6 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔اس کے بعد محرام الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی حساس امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کا جامع پلان جاری کر دیا جائے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف کے مطابق ستمبر میں ہونے والے تمام ایونٹس کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامات کئے جا رہے ہیں اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے موجود تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو دیگر اضلاع سے بھی نفری منگوائی جا سکتی ہے۔ ذرائع نے واضح کیا کہ حساس ادارے اور محکمہ داخلہ لاہور پولیس کو کالعدم تنظیموں کی جانب سے موجود تھریٹ کے بارے میں بھی مسلسل آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Theme