ایک طاقتور کا احتساب کرنے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں؛عمران خان

Published on September 9, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 382)      No Comments


لاہور(یواین پی) پاکستان میں کبھی بھی طاقتور نہیں پکڑا گیا لیکن ایک طاقتور کا احتساب کرنے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ حلقہ این اے 120 کے عوام 17 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو ووٹ ڈال کر سپریم کورٹ کے ججز کا شکریہ ادا کریں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کمزور طبقے کو پیغام دینے آیا ہوں کہ جب سے پاکستان بنا ہے یہاں طاقتور ہمیشہ جیتتے آئے ہیں۔ یہاں کی عدالتوں سے کبھی کمزور عوام کو انصاف نہیں ملا، پاکستان میں طاقتور کبھی نہیں پکڑا گیا لیکن ایک طاقتور کا احتساب کرنے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا 17 ستمبر کو لاہور کے حلقہ این اے 120 میں ہونے والے انتخابات عام نہیں کیونکہ اس کے نتائج سے ہی پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔ اس الیکشن میں پاکستان کا راستہ بدلے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کی کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو ووٹ دے کر سپریم کورٹ کے ججوں کا شکریہ ادا کریں۔ عوام کا ووٹ ججز صاحبان کو حوصلہ اور طاقت دے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ شیر کو ووٹ ڈالنے والے کان کھول کر میری بات سن لیں، اس شخص کو ووٹ ڈالیں گے جس کو سپریم کورٹ نے ایک سال مہلت دی لیکن انہوں نے جو جواب دیئے وہ جھوٹ تھے۔ جب سوا سال بعد سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے تو نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا؟ ان کا کہنا تھا کہ چوری چھپانے کیلئے کرپٹ لوگوں کو بٹھایا جائے تو ملک ادارے تباہ ہوتے ہیں۔ جب ملک کا وزیر اعظم چوری کرتا ہے تو اداروں کو تباہ کر کے ڈاکہ ڈالتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جیلوں میں چھوٹے چوروں نے وہ ظلم نہیں کیا جو بڑے ڈاکو نے کیا۔ تمام جیلوں میں بند چوروں کی چوری، نواز شریف کی ایک چوری کے برابر ہے۔ انہوں نے این اے 120 کے ووٹرز سے مخاطب ہو کر کہا کہ شیر کو ووٹ ڈالنا ہے تو چھوٹے چوروں کو جیل سے آزاد کرنے کا بھی کہو۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے 13 سال برطانیہ میں کرکٹ کھیلی اور سب سے بہتر آل راؤنڈر ہونے کے باوجود 60 لاکھ کا فلیٹ لیا وہ بھی قرضہ لے کر لیا۔ اور وہاں حسن نواز 6 سال کی عمر سے لندن کے 6 ارب کے ایک فلیٹ کا مالک بن گیا۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Premium WordPress Themes