چھوٹے تاجرٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے حکومت سے ہر ممکن تعاون کو آمادہ ہیں،شاہد رشید بٹ

Published on November 5, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 248)      No Comments


تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں آنے کیلئے ترغیبات دینے کی ضرورت ہے،حکومت تمام اضلاع میں چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے دفاتر قائم کرے
اسلام آباد(یو این پی)اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ چھوٹے تاجروں کے چیمبرٹیکس نیٹ میں اضافہ کیلئے حکومت سے ہر ممکن تعاون کو آمادہ ہیں کیونکہ یہ ملکی بقاء کا معاملہ ہے۔ حکومت تمام اضلاع میں چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے دفاتر قائم کرے اور ہر ضلعے کے ٹیکس دہندہ تاجروں کو ان چیمبروں کا ممبر تسلیم کر لیا جائے۔ ان چیمبروں کی انتظامیہ نہ صرف تاجروں کے مسائل حل کرے بلکہ ٹیکس نیٹ سے باہر تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں آنے کی ترغیب بھی دے۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں ٹیکس گزاروں کی تعداد بارہ لاکھ سے کم ہے جبکہ ستر لاکھ سے زیادہ تاجر بجلی کے بلوں پر ٹیکس ادا کر رہے ہیں جنھیں ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے ترغیبات کی ضرورت ہے۔تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانا سرکاری افسران کے بس کی بات نہیں جبکہ تاجر رہنما یہ کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مختلف شہروں میں موجود چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایف پی سی سی آئی تاجروں کی نمائندہ تنظیمیں نہیں بلکہ قبضہ گروپ ہیں جو کاروباری برادری کے بجائے اپنے مفادات پروان چڑھاتے رہتے ہیں۔ ان چیمبروں میں کبھی الیکشن نہیں ہوتا بلکہ ایڈوانس میں سلیکشن ہوتا ہے جو وزارت خزانہ کو معلوم ہے مگر کبھی آزادانہ اور شفاف الیکشن کی کوشش نہیں کی گئی جسکی وجہ سے تاجروں کی بھاری اکثریت ان چیمبروں سے بے زار ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ بزرگ تاجر رہنما راجہ جہانگیر اخترکی جانب سے چھوٹے تاجروں کے چیمبروں کا کردار بڑھانے کی تجویز کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تاجروں کے اصل نمائندوں سے مل کر ٹیکس اور دیگر مسائل حل کئے جائیں ورنہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ ایک خواب رہے گا۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Free WordPress Themes