اسلام آباد(یواین پی) قومی احتساب بیورو نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے وزرات داخلہ کو درخواست دے دی ہے جس میں وزارت داخلہ سے فوری اقدامات کرنے کی سفارش کی گئی ہے،نیب کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں مﺅقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسحاق ڈار جان بوجھ کر احتساب عدالت میں پیش نہیں ہورہے، وہ ناقابل ضمانت وارنٹ کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے اس لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیور و(نیب )کی جانب سے اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست بھیجی ہے جس کے ساتھ کورنگ لیٹر اور احتساب عدالت کی جانب سے جاری ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی نقل بھی لگائی گئی ہے۔نیب کی درخواست پر وزارت داخلہ کی تین رکنی کمیٹی اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق فیصلہ کرے گی جو آئندہ 72 گھنٹوں میں متوقع ہے۔واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ایک ریفرنس دائر کیا ہے جس میں وزیر خزانہ پر فرد جرم بھی عائد ہوچکی ہے جب کہ اسحاق ڈار گزشتہ کئی روز سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کا علاج کا علاج جاری ہے۔