انڈر 19 ایشیا کپ فائنل، افغانستان نے شاہینوں کو ’ دردناک‘ شکست سے دوچار کردیا

Published on November 19, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 666)      No Comments

کوالالمپور (یواین پی) افغانستان کی انڈر 19 ٹیم نے ایشیا کپ فائنل کے معرکے میں شاہینوں کو ’ دردناک‘ شکست سے دوچار کردیا۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 249 رنز کا ہدف دیا لیکن شاہینوں کے صرف 63 رنز پر ہی پر جل گئے۔
ملائیشین دارالحکومت میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میچ میں افغانستان اور پاکستان کی انڈر 19 ٹیمیں مد مقابل آئیں۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے ، افغانستان کی طرف سے اکرام فیضی نے 113 گیندوں پر 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے شاندار سنچری سکور کی۔ افغانستان کے اوپنر رحمان گل نے 40 اور دوسرے اوپنر ابراہیم زردان نے 36 رنز کی اننگز کھیلی ، دونوں اوپنرز کو پاکستانی گیند باز محمد عارف نے پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان کی طرف سے محمد موسیٰ 3 اور شاہین شاہ آفریدی 2 وکٹس حاصل کرکے نمایاں رہے۔
افغانستان کی جانب سے دیے جانے والے 249 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شاہین ٹھیک طریقے سے اڑان ہی نہ بھر پائے اور 63 کے مجموعی سکور پر ڈھیر ہوگئے۔ قومی انڈر 19 ٹیم کے صرف دو کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوپائے اور باقی تمام کھلاڑی دس رنز سے کم ہی سکور کرسکے ، ان میں 4 کھلاڑی ایسے بھی شامل ہیں جو کھاتہ ہی نہیں کھول پائے۔
افغانستان کے باﺅلرز شاہینوں پر بھوکے شیروں کی طرح ٹوٹ پڑے اور ایک ایک کرکے سب کے پر کتر کر عبرتناک سے بھی چار ہاتھ آگے جا کر قومی ٹیم کو 185 رنز کی دردناک شکست سے دوچار کردیا۔ افغانستان کی جانب سے مجیب نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ قاسم احمد تین شاہینوں کو گھر کا راستہ سمجھانے میں کامیاب رہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes