ہر جواں دل کی’’ مراد‘‘ وحید مراد کی 34ویں برسی آج منائی جائے گی

Published on November 23, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 1,065)      No Comments

لاہور(یو این پی) ستارہ امتیاز اور لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ پانے والے اور اپنے وقت کے ہر جواد دل کی مراد چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی 34 ویں برسی 23نومبر آج منائی جائے گی۔ اس سلسلے میں ان کے پرستارمختلف تقریبات منعقد کریں گے جبکہ لاہور اورکراچی کے فلمی حلقوں میں بھی تقریبات منعقد ہونگی۔ماضی کے نامورفلمی ہیرو وحید مراد کی 34ویں برسی آج منائی جائے گی پاکستانی فلم انڈسٹری کے چاکلیٹ ہیرو وحید مراد2اکتوبر 1938ء کو کراچی کے معروف فلم ڈسٹری بیوٹر نثار مراد کے گھر پیدا ہوئے۔وحید مراد پاکستانی فلم انڈسٹری کے رومانٹک اور سٹائلش ہیرو تھے وہ دلوں پر حکمرانی کا وصف جانتے تھے بطور اداکار ان کا انداز اور گانوں کی پکچرائزیشن لائق تحسین تھا جسے بھارت کی فلم انڈسٹری میں بھی نقل کیا جاتا رہا ہے۔یونی ویژن نیوز کے مطابق برصغیر میں دلیپ کمار کے بعد وحید مراد واحد فلمی ہیرو تھے جن کے ہیئر سٹائل کو سب سے زیادہ نوجوان نسل نے نقل کیا انہوں نے بطور فلم ساز بھی خدمات انجام دیں بطور فلم ساز ان کی دو فلموں ’’ انسان بدلتا ہے ‘‘ اور ’’ جب سے تمہیں دیکھا ہے ‘‘ نے ریکارڈ بزنس کیا ان فلموں کی بدولت وحید مراد شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔ وحید مراد نے ابتدائی تعلیم میری کلاسو اسکول سے حاصل کی اور1952ء میں اسی اسکول سے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ ایس ایم کالج سے بی اے کیا۔1968ء میں جامعہ کراچی سے انگلش ادب میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔اْن کی شادی سلمیٰ بیگم سے17 ستمبر 1964ء میں ہوئی۔ وحید مراد کے دو بچے ، ایک لڑکی عالیہ مراد اور ایک لڑکا عادل مْراد ہے۔1961ء میں انھیں ایس ایم یوسف کی فلم ’’اولاد‘‘ میں ایک اہم رول کے لیے پہلی بار کاسٹ کیا گیا اور یوں بطور اداکار وحید مراد کی پہلی فلم ’’اولاد‘‘ اگست 1962ء میں ریلیز ہوئی اور گولڈن جوبلی کا اعزاز حاصل کیا۔ وحید مراد کو اصل شہرت اپنی ذاتی فلم ’’ہیرا اور پتھر‘‘ سے حاصل ہوئی۔ وحید مراد کو پاکستان کی پہلی پلاٹینیم جوبلی فلم ’’ارمان‘‘ کا فلم ساز، مصنف اور ہیرو ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔وحید مراد نے’’ اولاد‘‘ سے لے کر’’ زلزلہ‘‘ تک کل 125 فلموں میں کام کیا اور ان کا ہر کردار جاندار رہا۔ ’’ اکیلے نہ جانا‘‘ اور دیگر گانوں نے لازوال شہرت دی۔ اْن کی پہلی فلم ’’اولاد‘‘ اور آخری ریلیز شدہ فلم ’’زلزلہ‘‘ ہے۔انھوں نے ایک پشتو فلم ’’پختون پہ ولایت کے‘‘ میں بھی کام کیا، یہ اداکار آصف خان کی ذاتی فلم ’’کالا دھندا گورے لوگ ‘‘کا پشتو ورڑن تھا۔ وہ بیک وقت فلم ایکٹر‘ فلم پروڈیوسر اور اسکرپٹ رائٹر بھی تھے۔ وحید مراد کی بہترین فلموں میں ’’ دل میرا دھڑکن تیری‘ ہیرا اور پھتر‘ ارمان‘ عندلیب‘ مستانہ ماہی‘ انسانیت‘ دیور بھابھی‘‘ اور دیگر ہیں۔ وحید مراد 23 نومبر 1983ء کو 45 سال کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog