حکومت اور تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ میں معاہدہ طے پا گیا، 22 روزہ دھرنا ختم کرنے کا اعلان

Published on November 27, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 371)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ نے حکومت کیساتھ معاہدہ طے پانے کے بعد 22 روزہ دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں احتجاج کرنے والے مظاہرین کو پرامن طریقے سے گھر جانے کی ہدایت کر دی ہے۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ دھرنے کے شرکاءشہداءکے قل شریف پڑھیں گے جس کے بعد وہ اسلام آباد سے پرامن طریقے سے روانہ ہو جائیں گے اور ملک بھر میں جاری احتجاجی مظاہرے بھی ختم کر دئیے جائیں گے جبکہ واپسی کیلئے ان کے پاس تمام انتظامات موجود ہیں۔ انہوں نے ہڑتال ختم کرنے اور کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا بھی کہا اور یہ اعلان بھی کیا جو لوگ اپنے کاروبار کھولنا چاہتے ہیں، وہ کھول سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا حکومت کیساتھ معاہدہ ہوا ہے کہ ختم نبوت ﷺ کے قانون میں ترمیم کے تمام ذمہ داران کو بے نقاب کیا جائے گا، ایف آئی آربھی درج ہو گی اور سزا بھی دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک کا مطالبہ تھا کہ زاہد حامد کو فوری طور پر اپنے عہدے سے برطرف کیا جائے تو ان کے خلاف کوئی فتویٰ جاری نہیں ہو گا۔ تحریک لبیک کے مطالبے کے مطابق حکومت پاکستان نے الیکشن ایکٹ کے حلف نامے کو بحال کر دیا گیا ہے۔ جبکہ راجہ ظفر الحق کی انکوائری رپورٹ 30 دن میں منظرعام پر لائی جائے گی اور جو بھی ذمہ دار ہوں گے ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔چھ نومبر 2017 ءسے دھرنا کے اختتام تک سرکاری و غیر سرکاری املاک کا جو نقصان ہوا ان کا تخمینہ لگا کر وفاقی و صوبائی حکومت ازالہ کرے گی۔ حکومت سے جن متعلقہ نکات پر اتفاق ہو چکا ہے ان پر من و عن عمل کیا جائے گا، یہ تمام معاہدہ آرمی چیف اور ان کی نمائندگی ٹیم کی خصوصی کاوشوں کے ذریعے تشکل پایا جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں جنہوں نے بہت بڑے سانحہ سے قوم کو بچا لیا ۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy