جاوید ہاشمی کو ہیرو بنانا تحریک انصاف کی بڑی غلطی تھی،فواد چوہدری

Published on December 5, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 265)      No Comments

اسلام آباد (یو این پی) تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جاوید ہاشمی کو ہیرو بنانا تحریک انصاف کی بڑی غلطی تھی،مریم اورنگزیب کو جھوٹ بولنے کے سوا کچھ میسر نہیں ،ملک میں لوڈ شیڈنگ اب بھی جاری ہے ۔ یونی ویژن نیوز کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ ہمیں مریم اورنگزیب کے بیان پر دلی ہمدردی ہے اور دعا ہے کہ اللہ ان کیلئے آسانیاں پیدا کرے اور آزمائش سے نجات دلائیں۔ انہوں نے کہاکہ جب سے وزارت طوق بن کر ان کے گلے میں آئی ہے جھوٹ کے علاوہ بولنے کو کچھ میسر نہیں، مریم اورنگزیب کے بیانات سے حقائق بدلنے ہوتے تو نواز شریف کو اس قدر ذلت نہ اٹھانا پڑتی۔ انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ سراسر جھوٹ ہے،42 فیصد سے زائد فیڈرز آج بھی لوڈشیڈنگ کی زد میں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان صرف بڑے شہروں کا نام نہیں ہماری بیشتر آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے جہاں آج بھی 6,6 گھنٹے بجلی دستیاب نہیں۔ صنعتوں پر تالے ڈال کر لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا کارنامہ ن لیگ کے علاوہ کسی کے بس کی بات نہیں تھی ، حکومت کی انہی چالوں کے باعث برآمدات اوندھے منہ گر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو جتنا جلد قبل ازوقت الیکشن کی طرف لے جایا جائے اتنا ہی بہتر ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ جاوید ہاشمی کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں اور انہیں ہیرو بنانا تحریک انصاف کی غلطی تھی۔ وہ جنوبی پنجاب میں کوئی سیٹ نہیں جیتے۔ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ((ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے 27 ممبران میں سے 6 لوگ ان کے گھر کے ہیں، ((ن) لیگ اپنے گھر کو جمہوریت سمجھتی ہے، ان کی سی ای سی میں جنوبی پنجاب سے کوئی بندہ نہیں اور سندھ سے بھی کسی کو نہیں لیا، یہ لوگ گھر میں ایک دوسرے کو جمہوریت کہہ کر بلاتے ہیں۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes