بے نظیر بھٹو کو آمریت سے لڑنے، اسلام کا پر امن چہرہ دکھانے کی سزا دی گئی: بلاول بھٹو

Published on December 27, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 373)      No Comments

لاڑکانہ (یواین پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکمران بے بس ہیں اور تماشائی بنے ہوئے ہیں، یہ لوگ تو دہشت گردوں کے خلاف بات تک نہیں کرسکتے وہ ان سے کیا لڑیں گے، بی بی آپ کے پاکستان میں جمہوریت آج لاوارث بچے کی طرح اپنے والی وارث کو تلاش کر رہی ہے، بینظیر بھٹو کو جمہوریت کے دفاع ، آمریت سے لڑنے اور اسلام کا پرامن چہرہ دنیا کے سامنے دکھانے کی سزا دی گئی۔گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج کے دن 10 سال پہلے میری ماں، وفاق پاکستان کی علامت، شہید بھٹو کی بیٹی کو شہید کیا گیا۔ بی بی کے قاتل ابھی تک معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں، محترمہ کو خون میں نہلانے والے ہمارے ملک کے جوانوں، بیٹوں، بیٹیوں اور بے گناہ شہریوں کو بھی خون میں نہلا رہے ہیں۔بی بی شہید کی برسی مناتے ہوئے ہماری روح بے چین ہوجاتی ہے، بی بی روشنی، زندگی اور امید کی علامت تھیں، آج کے دن کو برسی نہیں یوم شہادت کہہ رہے ہیں، شہید زندہ ہوتے ہیں اور عظیم انسانوں کی شہادت قوم کی حیات بن جاتی ہے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیںبینظیر بھٹو کو کس چیز کی سزا دی گئی، انہیں دنیا بھر میں اسلام کا پرامن چہرہ دکھانے کی سزا دی گئی، آمریت سے لڑنے اور سوات میں قومی پرچم لہرانے کی سزا دی گئی۔ دہشت گردوں کو للکارنے اور جمہوریت کا دفاع کرنے کی سزا دی گئی،بی بی کو آئین وپارلیمان کی بالادستی قائم کرنے اور پسے ہوئے طبقات کے لیے جدوجہد کرنے کی سزا دی گئی۔ انہیں خواتین کو حقوق دینے اور غیر مسلموں کو ملک میں برابر کے شہری تسلیم کرنے کی سزا دی گئی،شہید بی بی کو جرات اور بہادری کی سزادی گئی اور عوام سے محبت کی سزا دی گئی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ میری عظیم ماں، آپ کی بہادر بہن، پاکستان کے مظلوموں کی قائد پر ہمیں فخر ہے، شہید بی بی نہ ہم آپ کو اور نہ ہی آپ کے ساتھ کیے وعدے کو بھولے ہیں، میری قائد ہم آپ کے ساتھ پر چل رہے ہیں اور عوام کی خوشحالی کے لیے ظالموں سے لڑ رہے ہیں۔اس وقت پاکستان میں کوئی ایسی قیادت نہیں جو مسلمانوں کی داد رسی کرسکے۔پاکستان پیپلز پارٹی اس وقت عوام کی خوشحالی کے لئے ظالموں سے لڑ رہی ہے ۔ ہم اقتدار میں آکر بے نظیر بھٹو کے وعدوں کی تکیمل کریں گے، ملک سے غربت کا خاتمہ اور بے گھر لوگوں کو گھر دیں گے۔ انہوں نے مزید کہاکہ عدلیہ کی آزادی اوروقارکے لیے جدوجہدکرتے رہیں گے اور میں وعدہ کرتاہوں پارلیمنٹ کی حفاظت کروں گا۔ ہم ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کے لئے جدوجہدکرتے رہیں گے۔ ہم عوام کی حمایت سے الیکشن جیت کردکھائیں گے اور پاکستان کے عوام کودہشت گردی سے نجات دلاوں گا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes