سیکولر اور لبرل پارٹیوں نے پاکستان کی نظریاتی شناخت کو نقصان پہنچایا ،سراج الحق

Published on December 28, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 471)      No Comments

پشاور(یوا ین پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت میں رہنے والی سیکولر اور لبرل پارٹیوں نے پاکستان کی نظریاتی شناخت کو نقصان پہنچایا۔ آئندہ انتخابات میں ایم ایم اے دینی جماعتوں اور نظریہ پاکستان پر یقین رکھنے والے باکردار اور کرپشن سے پاک لوگوں کو ساتھ ملا کر الیکشن لڑے گی۔ خیبر پختونخوا میں اتحادی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں سوال کا جواب صوبہ کے عوام بہتر دے سکتے ہیں۔ہم نے عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائی۔ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے خاندانوں کو انصاف دلانے اور قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے جماعت اسلامی نے سب سے پہلے آواز اٹھائی اور آئندہ بھی یہ مطالبہ کرتے رہیں گے۔ قاتل کوئی وزیر ہو یا وزیراعلیٰ، اسے جرم کی سزا ملنی چاہیے۔ یواین پی کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن ایئر پورٹ پر استقبال کرنے والے کارکنوں سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان محمد اصغر بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سامراجی قوتوں کی غلام اور اسٹیٹس کو کی حامی جماعتوں نے پاکستان کے نظریے کو پس پشت ڈال کر ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا اور قوم نے جس عظیم مقصد کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاکستان حاصل کیاتھا ان قربانیوں کو ضائع کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ آئین پاکستان ملک میں قرآ ن و سنت کی بالادستی کا تقاضا کرتاہے مگر حکمرانوں نے ہمیشہ غیر آئینی ہتھکنڈوں سے جمہوریت کے نام پر شخصی آمریت مسلط رکھی۔ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کے ساتھ انتخابی اتحاد کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات میں ایم ایم اے ملک کی دیگر دینی جماعتوں ، دیانتدار اور نظریہ پاکستان پر غیر متزلزل ایمان رکھنے والوں کو ساتھ ملا کر الیکشن لڑے گی۔ ہم ملک سے کرپشن کے خاتمہ کی جدوجہد کر رہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ پاکستان عالمی برادری میں اپنے کھوئے ہوئے وقار کو دوبارہ حاصل کرے اور ایک آزاد و خود مختار ملک کی حیثیت سے عالمی برادری کے ساتھ اپنے معاملات کو آگے بڑھائے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ و سابقہ حکمرانوں نے ملک کو مایوسی ، محرومی اور غربت و جہالت کے جس اندھے غار میں دھکیل دیاہے ، اس سے نجات کے لیے ایم ایم اے 2002 ء کی طرح ایک بڑی قوت کے طور پر سامنے آئے گی۔ عمران خان اور طاہر القادری کی حکومت مخالف مشترکہ تحریک کا ساتھ دینے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جہاں تک ماڈل ٹاؤن شہدا کے قاتلوں کی گرفتاری کا تعلق ہے تو سب سے پہلے ہم نے اس کے لیے آواز اٹھائی اور ہمارا یہ مطالبہ کسی سیاسی مقصد کے لیے نہیں ، بلکہ انسانی بنیادوں پر تھا۔ ہم نے ہمیشہ اس مطالبے کے حق میں آواز اٹھا ئی ہم یہ نہیں دیکھتے کہ کس پارٹی اور کس مذہب کے لوگ ہیں انسان انسان ہے اور ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے لہٰذا ان معصوم لوگوں کو جنہوں نے قتل کیا ، انہیں گرفتار کر کے ان پر مقدمہ چلنا چاہیے اور قانون کے مطابق انہیں سزا ملنی چاہیے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress主题