چینی سفیر مسٹر یوجنگ کی وفاقی وزیر برائے اْمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر سے اسلام آباد میں ملاقات

Published on January 25, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 337)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی)پاکستان میں چین کے تعینات سفیر مسٹر یوجنگ نے آج وفاقی وزیر برائے اْمورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی امن وسلامتی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ پاکستان سے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ چین پاکستان کا آزمایہ ہوا دوست ملک ہے جس نے تمام موقعو ں پر عملی طورپر ثابت کیا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے۔وفاقی وزیر نے اس موقع پر مسئلہ کشمیر پر چین کی حمایت پر اْن کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ آٹھ لاکھ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں لوگوں پر بد ترین تشدد کا ارتکا ب کر رہی ہیں اور تشدد کی ان کاروائیوں کی شدت میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کے لیے کشمیری نوجوانو ں کو ماورائے عدالت قتل کررہی ہے اور بچوں کو مہلک پیلٹ گن کے استعمال سے اندھا کیا جارہاہے۔وفاقی وزیر نے ایل اوسی پر بھارتی افواج کی جانب سے بڑھتی ہوئی جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں پربھی بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کی جانب سے بلااشتعال جارحیت اور پرْتشدد کاروائیاں خطے کے امن کے لیے انتہائی خطرناک ہیں۔ملاقات میں پاکستان میں چین کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ چین کا ون روڈ ون بیلٹ منصوبہ ایک عظیم منصوبہ ہے جو اس خطے کی معیشت اور اربوں افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ایک گیم چینجر منصوبہ ہے جس سے پاکستان اور چین کے باہمی اقتصادی سیاسی اور ثقافتی رشتے اور بھی مضبوط ہوں گے۔ملاقات میں چینی سفیر نے کہاکہ چین کی حکومت اور عوام پاکستان سے اپنے رشتوں کوقدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور وہ پاکستان کو ایک مضبوط ، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چین ہر شعبے میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گااور لوگوں کی فلاح وبہبود کے لیے خصوصاً گلگت بلتستان میں چھوٹی سڑکوں اور ہسپتالوں کی تعمیر میں پاکستان سے تعاون کا خواہش مند ہے انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر چین پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور چین کا یہ ماننا ہے کہ اس مسئلے کا حل خطے کی امن وسلامتی کے لیے بڑا ہم ہے اور اس مسئلے کا حل بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات اور پرْامن طریقے سے ہونا چاہیے۔سی پیک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے معزز سفیر نے کہاکہ اس منصوبے کی وساطت سے اس پورے خطے کی عوام کی تقدیر بدل جائے گی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ اس سے قبل وفاقی وزیر نے چینی سفیر نے پاکستان میں تعنیاتی پر مبارک باد پیش کی اور اْمید ظاہر کی کہ وہ پاکستان اور چین کے درمیان پہلے سے موجود گہرے رشتوں اور روابط کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes