ہمارے پاس اور کوئی آپشن نہیں، حکمرانوں کو گھر جانا ہوگا: مولانا فضل الرحمان

Published on November 4, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 169)      No Comments

اسلام آباد: (یواین پی) مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد کی طرح پورا ملک بند کرکے دکھائیں گے، ہمارے پاس اور کوئی آپشن نہیں، حکمرانوں کو گھر جانا ہوگا، عوام کو ووٹ کا حق دینا ہوگا، الیکشن کمیشن ہم سے بھی زیادہ بے بس، فارن فنڈنگ کا فیصلہ آج تک نہیں ہو سکا۔جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب میں کہنا تھا کہ مسئلہ کسی ایک شخص کے استعفے کا نہیں بلکہ قوم کی امانت کا ہے۔ ان حکمرانوں کو جانا ہوگا اور عوام کو ووٹ کا حق دینا ہوگا، اس کے علاوہ اب کوئی اور چارہ نہیں ہے۔ کارکن ڈی چوک کا کہہ رہے ہیں لیکن وہاں جگہ کم ہے، یہاں کھلی جگہ ہے۔ ہم یہاں سے جائیں گے تو پیشرفت کیساتھ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن میں جا کر شکایت کریں۔ الیکشن کمیشن تو ہم سے بھی زیادہ بے بس ہے۔ الیکشن کمیشن بے بس نہ ہوتا تو عوام کی اتنی بڑی تعداد یہاں نہ ہوتی۔حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آپ حساب مانگتے ہیں لیکن خود کسی ادارے کے سامنے پیش ہونے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ فارن فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے لیکن ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ اس قومی اسمبلی میں موجود تمام اپوزیشن جماعتوں نے یہ مشترکہ فیصلہ کیا تھا کہ اپنے مطالبات کیلئے الیکشن کمیشن کے پاس نہیں جائیں گے بلکہ اس کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی لیکن ایک سال ہونے کے باوجود اس کا ابھی تک اجلاس تک نہیں ہوا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں ایک بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ یہ ایک تحریک ہے، یہاں احتجاج رکے گا نہیں بلکہ اپنے مقصد کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔ ہم نے اسلام آباد بند کرکے دکھایا لیکن اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو آئندہ پورا پاکستان بند کرکے دکھائیں گے۔جمعیت علمائے اسلام کے امیر نے کہا کہ اب فیصلہ عوام کا ووٹ کرے گا۔ عوام کے ووٹ کو عزت دینی پڑے گی۔ عوام کے ووٹ پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ آئین سپریم ہے، اس کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے۔ مقصد کے حصول کیلئے جنگ جاری رکھیں گے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题