عمان(یواین پی)اردن کی فوج نے شام کی سرحد کے ساتھ بچھی ہوئی تیل کی ایک غیر استعمال شدہ پائپ لائن کے ذریعے اسلحہ ، منشیات اور دہشت گرد سمگل کرنے کی سازش ناکام بنا دی ۔ اردن کی مسلح افواج کی جنرل کمان کے ایک افسر نے اس سازش کو ناکام بنانے کی اطلاع دی ۔ انھوں نے بتایا کہ دہشت گردوں اور منشیات کے سمگلروں کے ایک گروپ نے اردن اور شام کی سرحد پر واقع ایک مکان لے رکھا تھا اور اس کے نزدیک انھوں نے غیر مستعمل بین العرب (ٹرانس عربین ) پائپ لائن تک کئی سرنگیں کھود لی تھیں، وہ ان کو ہتھیاروں اور منشیات کی سمگلنگ اور دہشت گردی کے حملوں کے لیے استعمال کرنا چاہتے تھے۔اردنی حکام نے سرحد ی علاقے میں ان سرنگوں کو تباہ کرنے اور فوج کے انجنیئرنگ یونٹوں کو تیل کی اس پائپ لائن کو اکھاڑنے کا حکم دیا تاکہ مستقبل میں کوئی اور سمگلر یا دہشت گرد اس کو مذموم تخریبی مقاصد کے لیے استعمال نہ کرسکیں ۔