بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات کا کیس، سپریم کورٹ نے راول ڈیم کے اطراف لیز کی تفصیل مانگ لی

Published on March 6, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 289)      No Comments

اسلام آباد(یواین پی) بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے راول ڈیم کے اطراف لیز کی تفصیل مانگ لی ۔ چیف جسٹس نے سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری اور موجودہ چیئرمین کو حکم دیا ہے کہ وہ راول ڈیم کے اطراف لیز کا جائزہ لے کر رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بینچ نے بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ڈیم کنارے لیک ویو پارک اور تفریح گاہ کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
چیف جسٹس نے کامران لاشاری کو مخاطب کرکے کہا کہ اپنے دور میں دی گئی لیز کی وضاحت کریںسرکاری لیز دینے پر بندر بانٹ تو نہیں ہورہی، سرکاری اراضی کو 30 سال کی لیز پر دیا گیا، کس چیئرمین نے یہ لیز دی ، آپ کو سرکای زمین لیز پر دینے کا کیا اختیار تھا ، آپ اور چیئرمین سی ڈی اے جا کر لیز شدہ زمین کا جائزہ لیںاور رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔دوران سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈیم کی زمین پر شادی ہال بھی بنایا گیا ہے سی ڈی اے نے شادی ہال کیلئے زمین لیز پر دی تھی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کسی سے نا انصافی نہیں کریں گے، تمام شادی ہالز کی ریگولرائزیشن مانیٹر کریں گے۔ سپریم کورٹ نے راول ڈیم کے اطراف لیز پر دی گئی سرکاری اراضی کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Premium WordPress Themes