نواز شریف پر آرٹیکل 6 لگا کر نام ای سی ایل میں ڈالا جائے: عمران خان

Published on May 15, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 223)      No Comments


اسلام آباد(یواین پی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیان پر بھارت میں خوشیاں منائی گئیں۔ ملکی اداروں کے خلاف بیانیہ ترتیب دیا جا رہا ہے۔ سابق وزیرِاعظم پر آرٹیکل چھ لگا کر نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیان سے اصل شکل سامنے آ گئی ہے۔ نواز شریف کے بیان سے کشمیر کاز کو نقصان ہو گا اور پاکستان پر پابندیاں بھی لگ سکتی ہیں۔ پاکستان کا نام تو پہلے ہی گرے لسٹ میں شامل ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جو آج کہہ رہے ہیں، پچھلے 5 سال میں کیوں نہیں کہا؟ وہ جب وزیرِاعظم تھے، تب یہ باتیں کیوں نہیں کیں؟ نواز شریف ایک اور این آر او لینے کے لیے ڈرامہ کر رہے ہیں، لیکن اب بدلہ ہوا پاکستان ہے، کوئی نہ سمجھے این آر او ہو گا۔ اگر کوئی این آر او ہوا تو قوم کو باہر نکالوں گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ صرف پاکستان میں فوج ہی ایک منظم ادارہ رہ گیا ہے لیکن اسے ہی کمزور کرنے کے لئے سازش ہو رہی ہے۔ بھارت کی ساری کمپین ہی پاکستانی فوج کیخلاف ہے لیکن سارا پاکستان فوج کیساتھ کھڑا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی اور شہباز شریف ذاتی مفادات کے لیے نواز شریف کیساتھ کھڑے ہیں۔ چودہ دن حکومت کو رہ گئے، اب کیا قانونی کارروائی کریں گے، شاید ان میں کوئی اخلاقی جرات ہے تو مستعفی ہو جائیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیرِاعظم اور وزیرِاعلیٰ پنجاب کو مستعفیٰ ہو جانا چاہیے جبکہ نواز شریف پر آرٹیکل 6 لگا کر ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا جائے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Weboy