لاہور(یو این پی) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پرمیں ملت اسلامیہ اور قوم کو مبارکباد دی ہے ۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے عید الفطر کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید الفطر ایک ماہ کی ریاضت اور عبادت کے بعد اللہ تعالیٰ کا مسلمانوں کیلئے خاص انعام اور تحفہ ہے۔ عید الفطر کا دن مسلمانوں کیلئے رمضان المبارک کے بعد محبت اور باہمی اتفاق و اتحاد کا پیغام لیکر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام خوشی کے تہواروں پر محروم معیشت طبقات کو بھی خوشیوں میں شامل کرنے کا درس دیتا ہے۔ وسائل سے محروم اور بے سہاراافراد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنا ہمارا دینی ، اخلاقی اور قومی فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں غریبوں ، یتیموں، بیواؤں اور بے سہارا افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیئے۔ مستحق اور بے سہارا افراد کو عیدکی خوشیوں میں شریک کر کے ہی ہم دنیا اور آخرت میں فلاح پاسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عید کی خوشی کے موقع پر غریب اور پسے ہوئے طبقات کو ہرگز بھولنا نہیں چاہیے جو ہماری توجہ اور مدد کے منتظر ہوتے ہیں۔ہمیں چائیے کہ اپنے گردو پیش پر نظر ڈالیں اور ان لوگوں کو بھی خوشیوں میں شریک کریں جو وسائل سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی رنجشوں اور اختلافات کو فراموش کر کے اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دیں۔ آج کے دن ہمیں وطن کی حفاظت کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالوں کی عظیم قربانیوں کو بھی یاد رکھنا ہے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں شہید ہونیوالوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ شہدائے قوم کے اہل و عیال کو عید کی خوشیوں میں شریک رکھنا ہماری اجتماعی قومی ذمّہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیںیک جان دو قالب ہوکر اسلام کی سربلندی اور پاکستان کی سلامتی کیلئے دعائیں کرنی چاہئیں۔ آج ہمیں اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کیلئے دکھی اور لاچار انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کا عہد کرنا ہو گا۔