تازہ ترین سروے میں تحریک انصاف آگے: بر طانوی اخبار

Published on July 16, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 253)      No Comments

لندن: (یواین پی) برطانوی اخبار دی گارڈین نے لکھا ہے کہ عمران خان کی قیادت والی پی ٹی آئی تازہ سروے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سے آگے ہے۔امریکا، انڈیا اور برطانیہ کے تقریباً تمام اہم اخبارات نے پاکستان کے سابق وزیرِاعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی وطن واپسی پر گرفتاری کو شہ سرخیوں میں شائع کیا۔ انڈیا کے تین اہم اخبارات دی انڈین ایکسپریس، دی ہندو اور دی ہندوستان ٹائمز نے اسے پہلی خبر کے طور پر شائع کیا۔ اسی کے ساتھ مستونگ میں ہونے والے دھماکے کا بھی ذکر ہے جس میں 125 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ہندوستان ٹائمز نے لکھا انتخابات سے قبل نواز شریف کی گرفتاری نے ان کی پارٹی کو اپنی قوت کے مظاہرے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اخبار کے اندرونی صفحے پر ”ہاؤ دی مائٹی فال“ کے عنوان سے نواز شریف کے زوال کی ٹائم لائن دی گئی ہے۔دی انڈین ایکسپریس نے نواز شریف کے ویڈیو پیغام کی ایک سطر کو ذیلی سرخی بنایا ہے جس میں انھوں نے کہا میں چاہتا ہوں کہ پاکستانی شہری یہ جانیں کہ یہ سب میں ان کے لیے کر رہا ہوں۔دی ہندو نے سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی اپنی بیٹی کے ساتھ گرفتاری کے ساتھ ایک ذیلی عنوان دیا ہے کہ ”انتخابات اپنا اعتبار کھو چکے ہیں“۔ اخبار نے لکھا ہے کہ دس ہزار سکیورٹی فورسز کی تعیناتی اور دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود نواز شریف کے بھائی اور پارٹی کے لیڈر شہباز شریف ریلی نکالنے میں کامیاب رہے۔معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ہنگاموں اور خون خرابے کے دوران نواز شریف کی ملک واپسی پر گرفتاری کے عنوان کے تحت نواز شریف کی خبر شائع کی ہے۔اس نے لکھا ہے کہ سابق وزیرِاعظم اور ان کی بیٹی مریم انتخابات سے قبل مشکلات میں گھری اپنی پارٹی کو تقویت پہنچانے کی غرض سے وطن واپس آئے۔اخبار نے مزید لکھا کہ ان کی گرفتاری اسی دن عمل میں آئی جب انتخابی مہم نے خونیں شکل اختیار کر لی جس میں 130 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ اخبار نے تین بار پاکستان کے وزیرِاعظم رہنے والے نواز شریف کا قول بھی نقل کیا جس میں انھوں نے کہا پاکستان فیصلہ کن موڑ پر ہے۔برطانوی اخبار دی گارڈین نے لکھا ہے کہ نواز شریف نے اتحاد ایئرلائنز سے اخبار کو بتایا ’کون جیل جانا چاہتا ہے؟ لیکن یہ پاکستان میں ووٹ کے تقدس کو بحال کرنے کے میرے مشن کے لیے دی جانے والی بہت چھوٹی قیمت ہے۔اخبار نے یہ بھی لکھا ہے ان کی گرفتاری سے جوش سے عاری انتخابی مہم میں جان پڑ گئی ہے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جمعہ کو یورپی الیکشن مانیٹرز کو ملک بھر میں تعیناتی کی اجازت ملی ہے اور عمران خان کی قیادت والی پی ٹی آئی تازہ سروے میں پی ایم ایل سے قدرے آگے ہے۔قطر کے معروف میڈیا ہاؤس الجزیرہ کی آن لائن پر شائع خبر میں کہا گیا ہے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات سے قبل سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی گرفتاری ان کی پارٹی پی ایم ایل (این) کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题